جمائما اپنی سہیلی ڈیانا بارے بنی سیریز سے علیحدہ کیوں ہوئیں؟

متنازع برطانوی ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی عکس بندی اور کہانی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور لکھاری جمائما خان نے ویب سیریز کی پروڈکشن ٹیم سے احتجاجآ علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ جمائما گولڈ اسمتھ ’دی کراؤن‘ سیریز کی شریک لکھاری ہیں تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ اس سیریز میں ان کی سہیلی لیڈی ڈیانا سے متعلق واقعات کو نہایت ناشائستہ انداز میں دکھایا جا رہا ہے چنانچہ میں اسکی پروڈکشن ٹیم سے علیحدہ ہو گئی ہوں۔ جمائما گولڈ اسمتھ نے ایک برطانوی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سیریز کے لکھاری کی حیثیت سے اپنا نام ہٹانے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے چونکہ میں اپنی عزیز دوست سے متعلق مسخ شدہ تاریخ کا حصہ نہیں بننا چاہتی۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ان سے ویب سیریز کے تخلیق کار پیٹر مورگن نے پانچویں سیزن کی کہانی لکھنے کی درخواست کی اور انہوں نے لیڈی ڈیانا کی بہترین سہیلی ہونے کی وجہ سے سکرپٹ پر کام بھی کیا۔ انکا کہنا ہے کہ انہوں نے اس ویب سیریز کے سکرپٹ پر ستمبر 2020 سے فروری 2021 تک کام کیا اور انہیں توقع تھی کہ سیریز کی ٹیم ان کی توقعات کے مطابق ہی کہانی کو پیش کرے گی۔
لیکن جمائما نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں سیزن میں ڈیانا کی زندگی کی کہانی انکے لکھے گے سکرپٹ کے برعکس دکھائی جا رہی ہے جس وجہ سے وہ سیریز سے الگ ہوئی ہیں۔ دوسری جانب ’دی کراؤن‘ سیریز کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ جمائما کے ساتھ انہوں نے لکھاری کے طور پر کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا ۔ جمائما شروع سے ہی ’دی کراؤن‘ سیریز بنانے کی حمایتی رہی ہیں مگر انہیں پانچویں سیزن میں بطور لکھاری شامل کرنے کا کوئی معاہدہ ہوا ہی نہیں تھا۔ تاہم ترجمان نے تسلیم کیا کہ جمائما نے ڈیانا کی زندگی کی کہانی لکھنے میں مدد فراہم کی۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں ڈیانا کی زندگی کے کس حصے کو جمائما کی توقعات کے برخلاف دکھایا گیا ہے۔ سیریز کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی شادی کے آخری سال، ہارٹ سرجن حسنات اور دودھ الفائد سے معاشقے سمیت ان کے پیرس میں ہونے والے کار حادثے کو دکھایا جائے گا جس میں انکی موت ہو گئی تھی۔
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو غلط انداز میں دکھایا گیا ہے جس پر جمائما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویب سیریز سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ ویب سیریز کی شوٹنگ جاری ہے اور ممکنہ طور پر اسے آئندہ برس دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔ ویب سیریز کے پانچویں حصے میں لیڈی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکارہ ایلزبتھ ڈبیکی ادا کر رہی ہیں جبکہ چوتھے سیزن میں ان کا کردار برطانوی اداکارہ ایما کورنیا نے ادا کیا تھا۔ اس ویب سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی کیمرے کی آنکھ میں قید کیا گیا ہے۔
ویب سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا۔ پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 تک کا شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ’دی کراؤن‘ سیریز کی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔ ’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔ ’دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔ اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔ اس سیزن کے بعد ’دی کراؤن‘ کا آخری اور چھٹا سیزن بھی جاری کیا جائے گا۔
