ملالہ کے شوہر نے خود کو خوش قسمت انسان قرار دے دیا

اپنے اچانک نکاح کے بعد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے شوہر عصر ملک نے خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان قرار دیتے ہوئے ملالہ یوسف کے لیے ایک پیار بھرا پیغام جاری کیا ہے اور انکے ساتھ کیک کاٹنے کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ عصر ملک نے لکھا کہ ملالہ کی صورت میں انہیں بہترین دوست اور خوبصورت ساتھی ملا ہے اس لئے وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان سمجھتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر عصر ملک نے اہلیہ ملالہ یوسف زئی کے لیے رومانوی پیغام شیئر کرتے ہوئے نیک خواہشات پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ عصر ملک اور ملالہ یوسف زئی نے 9 نومبر کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی جانب سے شادی کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے میڈیا میں ملالہ کی شادی کی خبر شہ سرخیوں کے طور پر شائع ہوئی اور عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور معروف شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اب شادی کے بعد عصر ملک نے اپنی ٹوئٹ میں اہلیہ ملالہ یوسف زئی کے لیے پیار بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے ساتھ کیک کاٹنے کی تصویر بھی شیئر کی۔
عصر ملک نے لکھا کہ ’ملالہ کی صورت میں انہیں سب سے بہترین دوست، خیال رکھنے والا شریک سفر، مہربان اور خوبصورت ساتھی ملا ہے‘۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی باقی تمام زندگی ملالہ یوسف زئی کے ساتھ گزارنے کے لیے پرجوش اور خوش ہیں۔ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہم نے اپنی جیت یعنی شادی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کیک بھی کاٹا۔ انہوں نے جس تصویر کو ٹوئٹر پر شیئر کیا، اس میں وہ اہلیہ کے ہمراہ کیک کاٹتے دکھائی دیے۔
ملالہ یوسف زئی نے بھی شوہر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا جبکہ عصر ملک کے سسر اور ملالہ کے والد نے بھی اسے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے دونوں کے لیے دعائیں کیں، علاوہ ازیں دنیا بھر کی شخصیات نے نئی زندگی کے آغاز پر انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
خیال رہے کہ عصر ملک اور ملالہ یوسف زئی کے درمیان گزشتہ تین سال سے رابطہ تھا اور دونوں کو ماضی میں کئی مرتبہ ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم انہوں نے کبھی ایک دوسرے سے محبت کا اظہار نہیں کیا تھا۔ دوسری جانب ملالہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی شادی ارینجڈ میرج ہے اور دونوں خاندانوں کی رضامندی سے طے پائی ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ شاید شادی کے کچھ عرصہ بعد ملالہ کے شوہر کرکٹ بورڈ کی نوکری چھوڑ کر مستقل لندن منتقل ہو جائیں جس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملالہ کا پاکستان واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کے شوہر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ’نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر‘ میں جنرل منیجر ہیں۔
اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطان کی منیجمنٹ سے وابستہ تھے، ان کا تعلق لاہور کے متوسط خاندان سے ہے اور انہوں نے اپنی پوری تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کی ہے، وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعلیمی یافتہ ہیں۔
