ائیرکنٹرولر کی مبینہ غفلت ، طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

پاکستانی ائیرٹریفک کنٹرولر کی مبینہ غفلت اور غیر ذمہ داری کے باعث غیرملکی ائیرلائن کا خصوصی طیارہ فضائی حادثے سے بال بال بچ گیا۔

خاتون ایئر ٹریفک کنٹرولر کو ڈی جی سی اے اے کے حکم پر معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بحرین سے اسلام آباد آ رہی تھی کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کی غلط رہنمائی کی جس کی وجہ سے پائلٹ مسافر طیارے کو 8 ہزار فٹ بلندی سے 5ہزار فٹ بلندی پر لے آیا جبکہ اس سطح پر پہاڑی سلسلے ہونے کے باعث جہاز نے وارننگ دینا شروع کر دی ۔

وارننگ کے بعد پائلٹ دوبارہ طیارے کو 8 ہزار فٹ کی بلندی پر لے گیا ، ڈی جی سی اے اے نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق ایئر انویسٹی گیشن بورڈ واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے ،کنٹرولر نے کپتان کے اصرار پرطیارے کو نیچے آنے کو کہا تھا ، کپتان نے دوبار رابطہ کرکے کہا کہ موسم بہت خراب ہے مجھے اترنے کی اجازت دی جائے، موسم کی خرابی کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کو نیچے لانے کیلئے اجازت لی ۔

Back to top button