ابھی شادی کی طلب نہیں، جب ہوگی تو کرلوں گی

کوئی لڑکی اچھی اداکارہ ہو، ماڈل ہو، مشہور اور خوبصورت بھی ہو لیکن شادی کا شوق نہ رکھتی ہو یہ بات اب عام ہے،
کامیڈی ڈرامہ سیریز بلبلے میں خوبصورت کے کردار سے مشہور ہونے والی اداکارہ عائشہ عمر نے خود سے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے شادی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی انہیں شادی کی طلب نہیں ہوئی ہے۔ جب انہیں ضرورت ہوگی تو وہ ضرور شادی کرلیں گی۔
اداکارہ عائشہ عمر نے کہا کہ یہ صرف ہمارے سماج کی سوچ ہے کہ شادی زندگی کو سنوارتی ہے لیکن درحقیقت شادی تو زندگی ختم کردیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں شادی کی تقریبات میں جانے سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی کوئی انہیں دعوت دے گا وہ ضرور جائیں گی اور جب انہیں ضرورت ہوگی تو وہ بھی شادی کرلیں گی اور اس میں سب کو بلائیں گی۔ لیکن اس وقت انہیں اس کی طلب نہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں پتہ کہ ان کی شادی کب ہوگی۔ اس حوالے سے خدا ہی بہتر جانتے ہیں لیکن فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ لوگ دراصل اس لیے شادی کرتے ہیں کہ انہیں بچے چاہیے ہوتے ہیں۔ انہیں خاندان کو آگے بڑھانا ہوتا ہے لیکن چوں کہ ابھی وہ خود بچی ہیں تو ان کا ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
عائشہ عمر نے اپنے کیریئر اور اپنے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات پر بھی بات کی اور بتایا کہ ماضی میں تھائی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی اور اداکارہ ماریہ واسطی کی ذاتی تصاویر کو ماریہ واسطی کے لیپ ٹاپ سے چراکر لیک کیا گیا اور یہ سب کچھ ماریہ کے سابق ملازمین نے ہی ان سے بدلہ لینے کےلیے کیا۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں جنسی ہراسانی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وہ خود کو اتنا بہادر نہیں سمجھتیں کہ وہ ان افراد کا نام لے سکیں جنہوں نے کبھی ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔ عائشہ عمر نے میشا شفیع کو بہادر خاتون قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی بھارتی انڈسٹری کے اداکار الوک ناتھ جیسے بہت سارے لوگ ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں شوبز انڈسٹری میں بھی خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ملک میں مرد و خواتین ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین کو مرد حضرات کے مقابلے کم اجرت ملتی ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں بعض مرتبہ خواتین کو مرد اداکاروں سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔
عائشہ عمر نے فیمنزم کے بارے میں کہا کہ یہ غلط سمجھا جاتا ہے کہ فیمنزم کا مطلب خواتین کی مرد حضرات سے نفرت ہے، انہوں نے وضاحت کی کہ فیمنزم کا مطلب مرد و خواتین میں برابری ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں عائشہ عمر نے کہا کہ اگر دنیا میں کسی آفت کی وجہ سے دنیا کے سب مرد نہ رہیں اور چند ہی مرد رہیں جن میں سے انہیں شادی کرنے کی پیش کی جائے تو وہ شیخ رشید کو اس کےلیے منتخب کریں گی۔
عائشہ عمر کی طرف سے شیخ رشید سے شادی کی خواہش بارے وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے شیخ رشید سے پوچھا کہ سنا ہے آپ عائشہ عمر سے شادی کررہے ہیں جس کے جواب میں شیخ رشید نے پوچھا کہ وہ کون ہیں؟ اس پر انہیں بتایا گیا کہ وہ ایک ماڈل ہیں جس کے جواب میں شیخ رشید مسکرادیے۔
