احتساب عدالتوں میں 44سیاستدانوں کے کیسز کاریکارڈ جمع

اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں نیب ریفرنسوں کا ریکارڈ جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، 80 ریفرنسوں میں سے اب تک 44 کا ریکارڈ احتساب عدالتوں میں جمع کرایا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی احتساب عدالتوں میں مزید 18 ریفرنسوں کا ریکارڈ جمع کروایا گیا ہے۔جمع کروائے گئے ریفرنسوں کے ریکارڈ میں نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس، راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس شامل ہے۔
آصف زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا گیا ہے۔
نیب نے کوئٹہ کی احتساب عدالت میں بھی 70 ریفرنس واپس بھجوا دیے، 3 اکتوبر سے احتساب عدالت ون کے جج ریفرنسوں کی سماعت کریں گے، ملزمان کو حاضری کے نوٹس بھی جاری کردیے گئے۔
