احسن اقبال نے بھی ایاز صادق کے بیان کی تائید کردی

پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی سابق اسپیکر قومی کے بیان کی تائید کردی، انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کے حوالے سے ایاز صادق کا بیان بالکل درست تھا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ بھارت کے پائلٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کر ہی لیا گیا تھا تو اس سلسلے میں دو سے چار روز تک انتظار کرلیا جاتا، ہم صرف سیاست کر رہے ہیں لیکن بغاوت حکومت کر رہی ہے، ہماری جماعت اپنے بیانیے پر چٹان کی طرح متحد ہے، ہم پاکستان کے تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، ادارے اسی صورت میں مضبوط ہوں گے جب وہ آئین کے مطابق چلیں گے۔ دوسری طرف سابق اسپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ لاہور میں میرے خلاف بینر اور پوسٹر آویزاں کیے گئے، میری بات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، کسی کوحق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے ، میرے پاس قومی سلامتی کے بے شمار راز ہیں تاہم کبھی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں نے حکومت کے بارے میں بات کی تھی، حکومت نے بھارت کے ناکام عزائم کو تقویت دینے کی کوشش کی، ہمیں اس حکومت سے شدید اختلافات ہیں، لیکن ہمارے اختلافات سیاسی ہیں، میرے بیان کو قومی سلامتی کے اداروں سے نتھی کرنا دانشمندی نہیں، کیوں کہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں اور سیاسی اختلافات کے باوجود ہم تمام پاکستانی ایک ہیں، ہماری سیاسی سوچ مختلف ہو سکتی ہے لیکن پاکستانی قوم یکجا ہے، بھارت اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور ہمیشہ کی طرح ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
