وفاقی کابینہ میں ردو بدل اور نوجوان و نئے چہروں کی شمولیت کا امکان

 

 

 

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ نوجوان اور نئے چہرے شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کرلی جس کےبعد وفاقی کابینہ میں نئے چہروں اور نوجوان قیادت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے شامل ہونے والے ارکان کو وزیرمملکت کے عہدے دیےجانے کا امکان ہے،محنتی،متحرک اور نتائج دینے والے ارکان کو آگے لانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیاہے، وزارت تجارت اور وزارت صنعت و پیداوار کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھادیےگئے۔

ذرائع کے مطابق برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ نہ ہونےپر وزیر اعظم نے تشویش کا اظہار کیا جب کہ چاول،آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونےپر بھی برہمی کا اظہار کیاگیا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کےلیے بعض وزارتوں میں اصلاحات لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

اسی طرح وزارت آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی وزیر اعظم غیر مطمئن ہیں،کمزور کارکردگی والی وزارتوں کی خامیاں دور کرنے کےلیے عملی اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

 

Back to top button