قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کرگئے

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کی وفات کی تصدیق قطری سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کی ہے، تاہم انتقال کی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی گئی۔
قطر کے امیری دیوان کی جانب سے جاری بیان میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کی تصدیق کرتےہوئے کہا گیا ہےکہ "اللہ تعالیٰ کی رضا پر کامل ایمان کے ساتھ، امیری دیوان قوم کے عظیم نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔”
یاد رہے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ان کے دور حکومت میں قطر نے اقتصادی، سفارتی اور عالمی سطح پر نمایاں ترقی حاصل کی۔
سال 2013 میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اقتدار اپنے صاحبزادے اور موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو منتقل کردیا تھا۔مشرق وسطیٰ میں اقتدار کی اس پرامن منتقلی کو ایک تاریخی فیصلہ قراردیا گیا تھا۔
اقتدار منتقل کرتےہوئے اپنے خطاب میں شیخ حمد نے کہا تھاکہ اب نئی نسل کےلیے آگے بڑھنے اور ملک کی قیادت سنبھالنے کا وقت آ گیا ہے۔اس وقت شیخ تمیم کی عمر صرف 33 برس تھی۔
خیال رہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو جدید قطر کا معمار تصور کیاجاتا ہے۔انہوں نے اپنے تقریباً 18 سالہ دور اقتدار (1995 سے 2013 ) میں خلیجی ریاست کو عالمی سفارت کاری،سرمایہ کاری، توانائی اور میڈیا کے میدان میں نمایاں مقام دلایا۔ان کے دور میں قطر نے نہ صرف اقتصادی ترقی کی نئی مثال قائم کی بلکہ عالمی سطح پر اپنا سیاسی اور سفارتی اثر و رسوخ بھی بڑھایا۔
ان کے دورِ اقتدار میں قطر ایئرویز دنیا کی صفِ اول کی فضائی کمپنیوں میں شامل ہوئی، جب کہ دوحہ کا جدید بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی تعمیر کیا گیا،جسے بعد میں ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔
شیخ حمد نے قطر کو عالمی سفارتی مرکز بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ان کی قیادت میں قطر نے لبنان، سوڈان،فلسطین اور افغانستان سمیت مختلف تنازعات میں ثالثی کی کوششیں کیں۔ 2012 میں وہ غزہ کا دورہ کرنےوالے پہلے سربراہِ مملکت بنے،جہاں انہوں نے تعمیراتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کےلیے 40 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔
کیا پاکستان اور قطر،ایران امریکہ جنگ روکنے میں کامیاب ہو پائیں گے؟
شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد رکھاجائے گا جنہوں نے محدود آبادی اور رقبےوالے قطر کو عالمی سیاست،معیشت،کھیل اور میڈیا میں ایک بااثر ملک کی حیثیت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
