ادارے بھی مان گئے، نواز کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا 

 وفاقی وزیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اداروں میں بیٹھے لوگ بھی مان رہے ہیں کہ نوازشریف کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ پروجیکٹ ہینڈسم لانچ کرنے والوں کو سزا نہ ملی تو خدانخواستہ 9 مئی جیسا واقعہ دوبارہ ہو سکتا ہے، امید ہے انصاف فراہم کرنے والا ادارہ بھی احتسابی عمل سے گزرے گا اور جن لوگوں نے صرف ایک شخص کو تاج پہنانے کے لیے غلط فیصلے کیے، وہ بھی خود احتسابی سے گزریں گے۔ آرمی ایکٹ کے تحت سزا کےخلاف پٹیشن لے کر گئے ہیں، ان سے پوچھنا چاہیے کہ آرمی ایکٹ کب بنا تھا؟ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں، پاکستان کا قانون جائے بھاڑ میں تو انہوں نے صرف ایک شخص کو بچانا ہے ، ایک بندے کو بچانے کے لیے پاکستان کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ  پارٹی قائد محمد نواز شریف ڈھائی گھنٹے کی دوری پر ہیں اور جلد پاکستان آئیں گے ، نواز شریف کا خیال ہے کہ جس کارکن نے وفا کی، اسے ٹکٹ دی جائے گی، نواز شریف 50 فیصد نئے چہرے آگے لانا چاہتے ہیں۔نوازشریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر پاکستان واپس آرہے ہیں، اداروں میں بیٹھے لوگ بھی مان رہے ہیں کہ نوازشریف کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا، ابھی تو نوازشریف باہر بیٹھے ہیں اور ان کی ہدایت پر روس سے تیل پاکستان آیا۔

Back to top button