اداکارہ ربیعہ چوہدری سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر کیوں؟


گلوکار میکال حسن کے ساتھ رشتہ ختم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرنے والی ماڈل اور اداکارہ ربیعہ چوہدری کو سوشل میڈیا صارفین آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں جس کے بعد ربیعہ نے وضاحت کی ہے کہ ایسا ہرگز نہیں کہ وہ اپنی طلاق پر خوشی منا کر پارٹی کر رہی ہیں۔
گزشتہ ماہ اکتوبر میں کانز انٹرنیشنل انڈیپینڈنٹ فلم فیسٹیول میں پیش کی جانے والی پاکستانی مختصر فلم ‘بینچ’ کی اداکارہ ربیعہ چوہدری نے طلاق لینے کی تصدیق کردی تاہم ان کی جانب سے نئی محبت کی تلاش اور طلاق پر کسی قسم کا افسوس نہ منانے کو بنیاد بناتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے جس کے بعد ربیعہ نے دفاعی انداز اختیار کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کی جانب سے طلاق کو دکھ کی بات نہ کہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنی طلاق پر خوشی منا کر پارٹی منعقد کر رہی ہیں۔انہوں نے لکھا کہ طلاق یقینا کوئی آسان فیصلہ یا کام نہیں لیکن ایسا بھی نہیں کہ اس کے بعد زندگی ختم ہوجاتی ہے۔ آج کل شوبز انڈسٹری میں ہر دوسرے دن ہی کسی نہ کسی جوڑے کے علیحدہ ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں تاہم ان کی تصدیق نہ ہونے پر مداح صرف تجسس میں رہتے ہیں لیکن ربیعہ چوہدری نے خود اپنی طلاق سے متعلق کھل کر اظہار کیا ہے جس کے بعد وہ تنقید بھی برداشت کرر ہی ہیں۔حالیہ دنوں اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی شادی ٹوٹنے کی خبریں گرم ہیں لیکن فریقین نے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی البتہ عروہ کے والد نے ان باتوں کو من گھڑت قرار دے کر معاملے کو مزید الجھادیا ہے۔ تاہم شوبز کی ایک جوڑی نے ہمیشہ کے لئے راہیں جدا کرنے کے بعد کھلے عام بتایا ہے کہ ایسا کیوں ہوا اور اب انہیں کوئی پچھتاوا کیوں نہیں ہے۔
ربیعہ چوہدری اور میکال حسن نے اگست 2016 میں خاموشی سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔شادی سے قبل دونوں نے اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا تھا کہ وہ شادی کرنے والے ہیں۔تاہم بعد میں ربیعہ چوہدری نے اپنی شادی کی تقریب اور نجی زندگی کو کافی حد تک پرائیوٹ ہی رکھا تھا۔ مگر اب ربیعہ نے طلاق کے حوالے سے معاشرے کی سوچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم لڑکیوں کو طلاق لینے پر اتنا بیچارہ کیوں بنا دیتے ہیں، ایسا کیوں لگتا ہے کہ اب لڑکی کی زندگی ختم ہوگئی، ہائے بیچاری کے ساتھ یہ کیا ہوگیا، ہائے بیچاری کی زندگی تباہ ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ طلاق وقت پر لینے کی وجہ سے اس کی باقی زندگی تباہ ہونے سے بچ گئی ہو۔ ربیعہ چوہدری نے اپنی زندگی کے بارے میں بتایا کہ یہ سچ ہے کہ میں نے پسند سے شادی کی اور میں اپنی شادی سے بہت خوش تھی لیکن شادی کے فوراً بعد ہی مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوا اور میں نے کچھ ہی وقت میں طلاق لے لی۔ربیعہ چوہدری نے انسٹاگرام پر اپنی بولڈ تصویر شیئر کرتے ہوئے طلاق کو دوسری محبت تلاش کرنے اور نئی خوشیاں ڈھونڈنے کا ایک موقع قرار دیا۔ ربیعہ نے کہا کہ میں کبھی نہیں چاہتی تھی کہ اس موضوع پر بات کروں یا اپنی ذاتی زندگی کو سامنے لاؤں لیکن یہ صرف میں نہیں لکہ ہزاروں عورتیں ہیں جو اس کرب سے گزرتی ہیں اور اکثر خود کو الزام دیتی ہیں کہ ان کی شادی چل نہیں پائی۔اداکارہ نے لکھا کہ انہیں یہ بتایا جاتا ہے تم میں کوئی مسئلہ ہے، ایک اچھی بیوی کے ماڈل میں فٹ ہونے کے لیے تمہیں خود کو بدلنا ہوگا، اور یہ سوچ اکثر لڑکیوں کی شخصیت کو کھوکھلا کردیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس تحریر کے ذریعے ان لڑکیوں کو ہمت دینا چاہتی ہوں جو طلاق کے بعد خود میں ہی غلطیاں تلاش کرکے اپنی شخصیت کو کھو دیتی ہیں، درحقیقت وہ زندگی ان کے لیے مناسب ہی نہیں ہوتی اس لیے ان کا الگ ہونا ہی بہتر ہوتا ہے۔
اپنی پوسٹ کے آخر میں ربیعہ نے لکھا کہ کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا، چھوڑو بیکار کی باتوں میں کہیں بیت نا جائے رینا۔
ربیا چوہدری کی جانب سے طلاق کی تصدیق کی پوسٹ کیے جانے پر اور ان کی جانب سے طلاق کو دوسری محبت اور خوشی تلاش کرنے کا موقع دیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ لوگوں کی تنقید کے بعد ربیا چوہدری نے 2 دسمبر کو ایک اور پوسٹ میں وضاحت کی کہ ان کی بات کو غلط نہ لیا جائے، وہ طلاق پر خوش نہیں ہیں اور وہ طلاق کی پارٹی نہیں منا رہیں۔اداکارہ نے وضاحت کی کہ ان کی جانب سے طلاق کو دکھ کی بات نہ کہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنی طلاق پر خوشی منا کر پارٹی منعقد کر رہی ہیں۔انہوں نے لکھا کہ طلاق یقینا کوئی آسان فیصلہ یا کام نہیں لیکن ایسا بھی نہیں کہ اس کے بعد زندگی ختم ہوجاتی ہے۔ربیا چوہدری نے ان افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی طلاق اور نئی زندگی پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ربیعہ چوہدری ماڈلنگ کے علاوہ کئی ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ ان کے سابق شوہر میکال حسن بینڈ کے لیڈ سنگر میکال حسن نے برطانوی موسیقار پیٹر لاکٹ سمیت کئی پاکستانی کلاسیکی گلوکاروں کے لیے کام کیا ہے۔ 2000 میں انہوں نے میکال حسن بینڈ تشکیل دیا۔پاکستان میں میکال حسن بینڈ اپنی نوعیت کا واحد بینڈ ہے جس نے صوفی کلام کو کلاسیکی موسیقی کی چاشنی میں گھول کر جدید اور لوک آلات موسیقی کے ساتھ تخلیق کیا۔
ربیعہ چوہدری کے ساتھ تعلق ختم ہونے پر تاحال میکال حسن نے کوئی ردعمل نہیں دیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ طلاق دونوں کی باہمی رضامندی سے ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button