’’اداکارہ زویا نے موت کی خبروں کو افواہیں قرار دیدیا‘‘

معروف اداکارہ زویا ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ میری بھابھی کے انتقال پر لوگوں نے میری موت کی خبریں وائرل کر دیں جس سے بہت دُکھ پہنچا، بھابھی کی موت سے میں پہلے ہی صدمے میں تھی اس لیے سوشل میڈیا کی افواہوں پر فوری ردعمل نہیں دیا۔یوٹیوب پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتےہوئے زویا ناصر نے کہا کہ اصل میں ان کی بھابھی کا انتقال ہوا تھا، جو خود ان کے لیے بہت بڑا صدمہ تھا کیونکہ وہ اپنی بھابھی کے بہت قریب تھیں، جب ان کی بھابھی کا انتقال ہوا تو سوشل میڈیا پر خود ان کی موت کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں، چند سیکنڈ میں یہ خبر پر جگہ پھیل گئی تھی، ان کے قریبی رشتہ داروں نے بھی سمجھ لیا کہ ان کا اصل میں انتقال ہوگیا ہے۔زویا نے انکشاف کیا کہ اصل میں ان کی بھابی کا انتقال ہوا تھا، ’کسی نے یہ خبر پھیلائی تھی کہ ناصر ادیب کی بہو کا انتقال ہوگیا ہے، جب خبر وائرل ہوئی تو بہو کی جگہ بیٹی لکھا آ گیا، اس طرح لوگوں نے سمجھا کہ میرا انتقال ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ اپنی بھابھی کے انتقال کی وجہ سے صدمے میں تھیں، اس لیے سوشل میڈیا سے دور تھیں، انہوں نے کئی گھنٹے بعد اپنے افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کی۔زویا ناصر ایک فلمی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے والد معروف سکرین رائٹر ہیں، ان کی والدہ آمنہ الفت ایک سیاستدان ہیں، اور سینسر بورڈ آف پاکستان کی ممبر بھی ہیں، زویا ناصر کے مقبول ڈراموں میں ہانیہ، دیوانگی، زیبائش، پریم گلی، میرے اپنے، دوبارہ، سیراط مستقیم، میرے ہمسفر، بدذات، چودھری اینڈ سنز، بکھرے ہیں ہم، جنت سے آگے، دل ہی تو ہے وغیرہ شامل ہیں۔اداکارہ ویب سیریز میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کی مقبول ویب سیریز میں دھوپ کی دیوار شامل ہے جس میں انھوں نے نیہا شرما کا کردار ادا کیا تھا، 2020 کے دوران ان کی فلم چمبیلی ریلیز ہوئی تھی جس میں انھوں نے ثوبیا کا کردار ادا کیا تھا۔
