یوٹیوبر اسد نے فیملی وی لاگنگ کو الوداع کیوں کہہ دیا؟

معروف کم عمر یوٹیوبر اسد نے اسلام کی خاطر اہلیہ کے ساتھ فیملی وی لاگنگ کو الوداع کہہ دیا ہے، اسد صرف 18 برس کی عمر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔فروری 2020 میں سوشل میڈیا پر ایک نوجوان جوڑے اسد اور نمرہ کی شادی کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، دونوں نے اپنی زندگی کا اہم فیصلہ لیتے ہوئے 18 سال کی عمر میں شادی کرلی تھی اور 2022 میں اس جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے اذلان رکھا۔کم عُمری میں شادی کے بعد، اسد اور نمرہ کو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت ملی تھی اور پھر اس جوڑے نے یوٹیوب پر اپنا چینل بنا لیا تھا جہاں یہ فیملی ولاگنگ کیا کرتے تھے، اس چینل پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 5 لاکھ 88 ہزار ہے جبکہ ان کے ولاگز پر ملین میں ویوز آتے ہیں۔اب حال ہی میں اسد نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ اب اپنے ولاگز میں اپنی بیوی نمرہ اور گھر کی دیگر خواتین کو نہیں دکھائیں گے، اسد نے کہا کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے فیملی ولاگنگ کیوں چھوڑ دی تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہم ہمیشہ پیسے اور دنیاوی خواہشات کے پیچھے بھاگتے ہیں، ہم اللہ اور اسلامی تعلیمات کے بارے میں کبھی نہیں سوچتے۔یوٹیوبر نے کہا کہ میں نے ان لوگوں کے بارے میں پڑھا جنہیں اللہ کبھی معاف نہیں کرے گا، اُن میں سب سے پہلے والدین کی نافرمانی کرنے والی اولاد ہوگی، دوسرے نمبر پر وہ لوگ ہیں جو اپنی جنس کے بجائے مخالف جنس کے لباس زیب تن کرتے ہیں اور تیسرے نمبر پر وہ لوگ ہوں گے جو اپنی بیویوں کو دُنیا کے سامنے دکھاتے ہیں۔اسد نے کہا کہ یہ پڑھنے کے بعد، میں نے فوری طور پر اپنا ذہن بنا لیا اور اپنی فیملی کو سوشل میڈیا پر مزید نہ دکھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں اللہ اور اسلامی تعلیمات کی مزید خلاف ورزی نہیں کرسکتا، میں ولاگنگ نہیں چھوڑ رہا، اب آپ میرے ولاگز میں صرف مجھے اور میرے بیٹے اذلان کو دیکھ سکیں گے اور گھر کی کوئی خاتون ولاگ کا حصہ نہیں ہوگی، مداح اسد کے اس فیصلے کی خوب تعریف کر رہے ہیں اور اُنہیں مستقبل میں بھی اس فیصلے پر قائم رہنے کے لیے دُعا بھی کر رہے ہیں، مداحوں نے دوسرے یوٹیوبرز کے لیے بھی دعا کی جو ہمیشہ کیمرے کے سامنے رہتے ہیں۔

Back to top button