اداکارہ یمنیٰ نے فلم ’’نایاب‘‘ کے ڈائیلاگ کی حقیقت بتا دی

معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے انکشاف کیا کہ فلم ’’نایاب‘‘ کے ڈائیلاگ ’’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘‘ اس لیے شامل کیا گیا تاکہ لوگ پاک بھارت روایتی دشمنی کا مزہ لے سکیں۔یمنیٰ زیدی ان دنوں ’نایاب‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں اور وہ مختلف شہروں کے شاپنگ مالز اور کلچرل سینٹرز سمیت تعلیمی اداروں کا دورہ کرتی دکھائی دیتی ہیں، پچھلے ہفتے جہاں فلم کی پروموشن کے دوران انہوں نے لڑکوں کی طرف اپنی ٹی شرٹس پھینکیں تھیں، اب انہوں نے لاہور میں پروموشن کے دوران بتایا کہ بھارت کو شکست دینی کی بات کیوں کہی؟سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں یمنیٰ زیدی بتاتی ہیں کہ انہیں فلم میں شامل ڈائیلاگ ’’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘‘سب سے اچھا لگا، دلیل دی کہ فلم میں یہ ڈائیلاگ اس لیے ڈالا گیا کیوںکہ پوری دنیا میں پاکستان اور بھارت کے میچز بڑے شوق سے دیکھے جاتے ہیں اور ہر کوئی ان میں دلچسپی لیتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ درحقیقت لوگوں کی توجہ حاصل کرنے اور شائقین کا مزہ دگنا کرنے کے لیے فلم میں ’’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘‘ کا ڈائلاگ شامل کیا گیا، خیال رہے کہ یمنیٰ زیدی کی فلم نایاب کا ٹریلر دسمبر 2023 میں جاری کیا گیا تھا، جس میں اداکارہ ’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘ کا ڈائلاگ بولتی دکھائی دیتی ہیں، نایاب کو رواں ماہ کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، اس میں یمنیٰ زیدی کرکٹر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔فلم کے کردار نایاب کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہوتا ہے اور فلم میں ان کے علاوہ جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اسامہ خان اور محمد فواد خان سمیت فریال محمود بھی دکھائی دیں گی، جاوید شیخ نے نایاب کے والد کا کردار ادا کیا ہے جہاں وہ نایاب کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف ہیں جبکہ بھائی کا کردار محمد فواد خان نے ادا کیا ہے جہاں وہ کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے قومی ٹیم میں سلیکشن تک نایاب کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
