اداکارہ سارہ خان ناسازی طبیعت کے باعث اسپتال میں داخل

‘ثبات’ اور ‘رقصِ بسمل’ جیسے ڈراموں سے مداحوں میں مقبول ہونے والی اداکارہ سارہ خان ناسازی طبیعت کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔
ان کے شوہر اور گلوکار، فلک شبیر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری میں مداحوں کو سارہ خان کے اسپتال میں داخل ہونے سے متعلق بتایا۔ فلک شبیر نے انسٹاگرام اسٹوری میں سارہ خان کی تصویر شیئر کی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور لکھا کہ ‘وہ ٹھیک نہیں ہیں’۔ تاہم فلک شبیر نے اپنی اسٹوری میں سارہ خان کے اسپتال داخل ہونے کی وجہ نہیں بتائی تھی۔ سارہ خان کے منیجر کے مطابق اداکارہ کو ٹائیفائیڈ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ اسپتال میں داخل ہیں۔ جس کے بعد ساتھی اداکاروں عمران اشرف اور ریشم نے اداکارہ کے اسپتال میں داخل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں مداحوں نے بھی ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ کچھ مداحوں نے دونوں کو کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا کہا اور امید کی کہ سارہ خان کورونا سے محفوظ ہوں۔
خیال رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر گزشتہ دنوں ترکی میں تھے اور وہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کی تصاویر بھی پوسٹ کررہے تھے۔
سارہ خان گزشتہ برس جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھی تھیں، انہوں نے اور گلوکار فلک شبیر نے 14 جولائی کو منگنی کا اعلان کیا تھا اور اگلے ہی دن دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا تھا اور وہ 17 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے ‘ثبات’ میں ان کے منفی کردار کے طور پر ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا تھا۔ ان دنوں نجی ٹی وی چینل سے ان کا ایک اور ڈراما ‘رقصِ بسمل’ بھی نشر ہورہا ہے جس میں وہ عمران اشرف کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button