اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی جھوٹی خبر کس نے اڑائی؟

معروف امریکی و پاکستانی اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی متضاد خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں، تاہم جلد اداکارہ کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ وہ زندہ ہیں، ان کے انسٹاگرام اکائونٹ کو ہیک کر کے موت کی جعلی خبر چلائی گئی۔سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر ان کے آفیشل انسٹاگرام اور فیس بک پیج سے شیئر کی گئی، جس میں اداکارہ کے دنیا فانی سے کوچ کرجانے کی تصدیق کی گئی۔انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر بتایا گیا کہ اداکارہ کو ان کے کمرے سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا، پوسٹ کے مطابق اداکارہ کو 18 اپریل کی صبح کو ان کے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔

پوسٹ میں اداکارہ کی موت سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ ان کی موت یو اے ای میں ہوئی یا امریکا میں؟ سعیدہ امتیاز متحدہ عرب امارات سمیت امریکا میں بھی زندگی گزارتی رہی ہیں، ان کی پیدائش یو اے اے میں ہوئی، تاہم ان کی پرورش امریکا میں ہوئی، ان کے پاس دونوں ممالک کی شہریت تھی۔سعیدہ امتیاز کشمیری والدین کے ہاں یو اے ای میں پیدا ہوئیں اور امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ دوبارہ متحدہ عرب امارات آئیں اور چند سال قبل انہوں نے پاکستانی فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا۔تاہم جلد ہی پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی خبریں غلط ثابت ہوئیں اور خصوصی ذرائع نے ایکسپریس ٹریبون کو بتایا ہے کہ اداکارہ زندہ ہیں اور ٹھیک ہیں۔

اداکار صائم علی نے بھی اداکارہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ لکھا ہے ’الحمد اللہ، میری دوست بالکل ٹھیک ہے اور موت کی خبریں غلط ہیں۔فنکارہ کے قانونی مشیر سید مدبر رضوی کی جانب سے یہی بات کہی گئی ہے کہ موت کی خبر کنفرم نہیں ہے، ذرائع کے مطابق سعیدہ امتیاز کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہیک کر کے ان کے اکاؤنٹ سے ان کی موت کی خبر چلائی گئی تھی، اس خبر میں موت کی وجہ اور جگہ کی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔

اپنے کام سے جلد ہی شوبز انڈسٹری میں نام بنانے والی سعیدہ امتیاز کی پیدائش متحدہ عرب امارات میں ہوئی ہے اور وہ یو اے ای اور امریکا میں پلی بڑھیں۔ اداکاری اور ماڈلنگ کا شوق انہیں پاکستان لے آیا۔ سعیدہ امتیاز نے فلم ’قلفی‘، ’ریڈرم‘، ’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘، ’وجود‘، اور فلم ’کپتان‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔یاد رہے کہ عمران خان پر بننے والی فلم ’کپتان‘ میں سعیدہ امتیاز نے جمائما کا کردار ادا کیا ہے۔دوسری جانب اداکارہ سعیدہ امتیاز کے منیجر نے انکے سوشل میڈیا سے انتقال کی خبر کی تردید کرتے ہوئے ہیکرز کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔اداکارہ کے لیگل ایڈوائزر میاں شہباز احمد نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں بتایا کہ سعیدہ امتیاز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کس نے ہیک کیے اور اس کے پیچھے کیا معاملات ہیں اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اداکارہ اس وقت اپنے لاہور والے گھر میں موجود ہیں اور وہ بلکل خیریت سے ہیں جبکہ وہ اس معاملے پر جلد ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کریں گی۔

Back to top button