اداکارہ صبورعلی شوہر کو شادی کا مشورہ کیوں دیتی رہیں؟

سجل علی کی چھوٹی بہن اوراداکارہ صبورعلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی سے قبل اپنے شوہر کے لئے دلہن تلاش کرتی تھیں اورانہیں کئی لڑکیوں سے شادی کرنے کا مشورہ دیا۔ صبور اورعلی انصاری نے جنوری 2022 میں شادی کی تھی، دونوں نے شادی سے قبل ایک ڈرامے سمیت مختلف منصوبوں میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ شادی کے بعد دونوں اگرچہ سکرین پر کم دکھائی دیتے ہیں، تاہم دونوں سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں۔ اب شادی کے کئی ماہ بعد دونوں نے سکرین پر واپسی کی ہے، حال ہی میں صبورعلی نے ’’فوچیا میگزین‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کی اور ساتھ ہی شوبز کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔ صبورعلی نے بتایا کہ وہ اورعلی انصاری ساتھی اداکار کے طور پر ملتے رہتے تھے اور متعدد دوستوں کی شادیوں میں ایک ساتھ ڈانس بھی کیے مگر ان کے درمیان رومانوی تعلقات نہیں تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی سہیلیاں اورعلی انصاری کے دوست انہیں چھیڑتے رہتے تھے اوردونوں پرالزام لگاتے تھے کہ ان کے درمیان تعلقات ہیں، حالانکہ دونوں نے کبھی ایک دوسرے کو رومانوی نظر سے نہیں دیکھا تھا، اداکارہ کے مطابق علی انصاری کی بہن مریم انصاری بھی انہیں بولتی رہتی تھیں کہ ان کے بھائی کیلئے کوئی لڑکی دیکھو اور میں نے کئی ایک رشتے بتائے بھی۔ لیکن پھر ایک روز مریم انصاری نے مجھے کہا کہ تم خود کیوں میرے بھائی سے شادی نہیں کر لیتیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ متعدد اداکاراؤں اور اداکاروں نے ان دونوں کو ایک دوسرے سے محبت کرنے کا مشورہ بھی دیا لیکن اس کے باوجود دونوں ایسا کرنے کو تیار نہ تھے، صبور کے مطابق وہ خود علی کو دوسری لڑکیوں سے محبت اور شادی کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔ مگر وہی لڑکیاں انہیں کہتی تھیں کہ میں خود علی سے شادی کر لوں۔ صبور کہتی ہیں کہ انہوں نے ایک دن اپنی تمام سہیلیوں اور دوستوں کے ہمراہ علی کے ساتھ بیٹھ کر صاف صاف گفتگو کی اور واضح کیا کہ وہ محبت کے چکر میں نہیں پڑیں گی، وہ ڈائرکٹ شادی کریں گی، پھر علی انصاری ان کے ہاں رشتہ لے کر آ گئے اور دونوں کی شادی ہوگئی۔
صبورعلی کا کہنا تھا کہ علی انصاری اپنی والدہ اور بہن مریم انصاری کی بہت عزت کرتے ہیں اوراسی وجہ سے وہ انہیں پسند آ گئے، کیونکہ جو شخص اپنی بہن اور والدہ کی عزت کرتا ہو، وہ بیوی کی بھی عزت کرتا ہے، شادی کے بعد اب لوگ مجھے کہتے ہیں کہ علی کیساتھ سوشل میڈیا پر تصاویراورویڈیوز شیئر نہیں کیا کرو، نظر لگ جائے گی، صبور علی نے کہا کہ علی انصاری بہت ہی رومانوی شخص ہیں اور انہیں ہر روز سرپرائز دے کر ان کی زندگی خوشیوں سے بھر رہے ہیں اور وہ اس پر جتنا بھی شکرانے ادا کریں وہ کم ہیں۔ یاد رہے کہ دوسری جانب صبور علی کی بڑی بہن سجل علی کا گھر اجڑ چکا ہے اور ان کی اپنے اداکار شوہر احد رضا میر سے علیحدگی ہو چکی ہے۔
