اداکار فیروز خان نے کس اداکارہ کو اپنا استاد قرار دیا؟


تبلیغی جماعت سے وابستہ ہو کر اداکاری چھوڑنے اور اپنی زندگی اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کرنے کا اعلان کرنے والے فیروز خان اپنا شوق پورا ہونے کے بعد اب دوبارہ شوبز انڈسٹری میں متحرک ہو چکے ہیں۔ ایک تازہ انٹرویو میں فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک خاتون اداکارہ کو اپنا استاد مانتے ہیں جس کا نام حمائمہ خان ہیں اور جو ان کی سگی بہن ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ میں اپنی بہن کو اپنا استاد مانتا ہوں، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ جہاں ان کی سپورٹ کے فائدے تھے وہیں نقصان بھی تھا۔ فیروز کا شمار بلاشبہ ملک کے مقبول نوجوان اداکاروں میں ہوتا ہے، جو دو برس پہلے مولانا طارق جمیل کے زیر اثر آ کر تبلیغی جماعت سے وابستہ ہوگئے تھے اور بعد ازاں انہوں نے حمائمہ خان کو بھی تبلیغی بنا دیا تھا۔ لیکن اب دونوں بہن بھائیوں کا تبلیغ کا شوق پورا ہو چکا ہے اور وہ شوبز کی دنیا میں واپس آ چکے ہیں۔

فیروزخان نے اپنے آٹھ سالہ کریئر میں بمشکل دو درجن ڈرامے اور دو فلمیں کی ہیں لیکن اپنے کرداروں اور منفرد شخصیت کی وجہ سے وہ مداحوں کے دل میں گھر کر گئے، اداکار نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ سیریل ’’بکھرا میرا نصیب‘‘ سے کیا۔ فیروز خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میرے شوبز انڈسٹری میں آنے کی بڑی وجہ میری بہن حمائمہ خان بنیں جو کہ ایکٹنگ میں ان کی پہلی استاد بھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں شوبز انڈسٹری میں آیا تو جہاں میری بہن کے بہت سارے دوست تھے وہیں ان کے کئی دشمن بھی تھے۔ لیکن پھر یوں ہوا کہ جو حمائمہ کے دشمن تھے وہ میرے دشمن بن گئے اور جو اسکے دوست تھے وہ میرے دوست بن گئے۔

اس وقت فیروز خان کا ایک ڈرامہ سیریل ’’حبس‘‘ آن ایئر ہے جس میں وہ باسط نامی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، باسط شراب اور سگریٹ نہیں پیتا، اپنے پیسے اور طاقت کا غلط استعمال نہیں کرتا، آگے پیچھے گارڈز لے کر نہیں گھومتا، اپنی طاقت کے نشے میں کسی عورت کو استعمال نہیں کرتا اور کیا اچھائیاں چاہئیں، آج کل کے دور میں یہ بھی بہت ہے۔

فیروز خان نے کہا مجھے لگتا ہے کہ باسط ایک حقیقی زندگی کا کردار ہے لیکن ہم اُسے ایک بہترین خیالی کردار کے طور پر دیکھتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نے جتنے بھی کردار کیے ہیں اُن میں کبھی یہ نہیں ہوا کہ آخر میں اُن کو گلوریفائی کیا جا رہا تھا، فیروز خان نے اپنے ڈراموں ’خانی‘، ’چُپ رہو‘ اور ’اے مُشتِ خاک‘ کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ اِن تمام کرداروں کو مکافاتِ عمل سے گزرنا پڑا ہے۔ پاکستانی نوجوانوں میں فیروز کی بہت بڑی فین فالوئنگ ہے۔ صرف انسٹا گرام پر اُن کے 70 لاکھ فالوورز ہیں، اپنے ڈرامے ’’خدا اور محبت‘‘ کے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر یہ ڈرامہ دیکھ کر نوجوان درباروں پر بیٹھ رہے ہیں تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر کوئی بیوقوفی کرے اور بولے کہ میں نے یہ ڈرامہ میں دیکھا تھا تو میں اس کا ذمہ دار نہیں ہوں۔ فیروز خان اپنے اکثر ڈراموں میں منفی ہیرو کا کردار نبھاتے ہیں جو بالآخر راہِ راست پر آ جاتا ہے، وہ اکثر جن کہانیوں کا حصہ ہوتے ہیں اُن میں اُن کی محبت اور محبوبہ کبھی آسانی سے نہیں ملتی، کیا کبھی اُن کا ایک رومانوی ہیرو کا کردار کرنے کا دِل چاہتا ہے اس سوال پر وہ مُسکرا کر بولے ’میرا دِل چاہتا ہے کہ میں اصل زندگی میں رومانس کروں، مجھے ہر چیز کیمرے کے لیے کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

اداکار نے بتایا کہ وہ ہانیہ عامر اور اُشنا شاہ کے ساتھ کام کر کے بہت انجوائے کرتے ہیں۔ اداکارہ ہانیہ عامر کے بارے میں بولے کہ ’ہانیہ کی انرجی ابھی کسی کو سمجھ نہیں آئے گی، 32 سالہ اداکار فیروز خان نے 2018 میں شادی کی اور اُن کے دو بچے ہیں۔انہوں نے کافی عرصہ پہلے ایک بیان دیا تھا کہ شادی اتنی اچھی چیز ہے کہ بار بار کرنی چاہئے، کیونکہ سب نے کی ہے، میں جن ماسٹرز کو فالو کرتا ہوں، جو میرے آقا ہیں، انھوں نے کی ہے۔ تو مجھے کرنی چاہئے، میرا ماننا ہے کہ انھوں نے جو جو کیا ہے وہ مجھے کرنا چاہئے اور جو نہیں کیا وہ مجھے نہیں کرنا چاہئے۔

دو سال پہلے فیروز خان نے انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ مداح اُن کے اس اچانک فیصلے پر حیران و پریشان تھے لیکن جلد ہی اداکار نے وضاحتی بیان جاری کیا کہ شوبز چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا لیکن وہ اپنے روحانی سفر کی طرف گامزن ہیں۔ اس بیان کے بعد وہ ٹی وی سکرین پر دوبارہ نظر آنے لگے۔ اس حوالے سے فیروز خان نے بتایا کہ ہمارا کام دور سے دیکھنے میں مزے کا لگتا ہے لیکن لوگوں کو یہ نہیں پتا ہوتا ہے کہ ایک ایکٹر کی قربانیاں کیا ہوتی ہیں۔کوئی روٹین نہیں ہے، کوئی کھانے کا نہیں پتا، ڈسپلن کا نہیں پتا، ٹریننگ کا نہیں پتا، فیملی کیا ہے، شادیاں ہو جاتی ہیں، لوگ مر جاتے ہیں ہم نہیں جا پاتے کیونکہ سیٹ پر صرف ایک آپ نہیں ہوتے، آپ کے ساتھ پورا ایک یونٹ چل رہا ہوتا ہے، آپ چلے جائیں تو پورا یونٹ بند ہو جاتا ہے، یہ اکثر لوگ نہیں سمجھ پاتے، فیملی بھی اکثر یہ سمجھنے سے قاصر ہوتی ہے۔

Back to top button