اداکارہ ماہرہ خان نے حاملہ ہونے کی تردید کر دی

پاکستان و بھارت کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے حاملہ ہونے کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حمل سے نہیں ہیں، ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ماہرہ کے حاملہ ہونے کی خبر بھارتی میڈیا میں وائرل ہوئی تھی جس کو مقامی ویب سائٹ کی جانب سے ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں سوشل نیوز انفارمیشن ویب سائٹ ریڈٹ پر کی گئی ایک پوسٹ کے بعد اداکارہ کے ہاں حمل ٹھہرنے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں اگرچہ بعد ازاں ریڈٹ کی پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ماہرہ خان کے ہاں دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کی خبریں وائرل ہوگئی تھیں۔ایسی خبروں کے بعد اداکارہ نے اب وضاحت کی ہے کہ وہ حمل سے نہیں ہیں۔ماہرہ خان نے ’’ایکسپریس ٹربیون‘‘ سے بات کرتے ہوئے مختصر کہا کہ ان کے حاملہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع نہیں، انہوں نے کسی منصوبے سے علیحدگی بھی اختیار نہیں کی اور ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔دریں اثنا ماہرہ خان کی بہاولپور میں سیر سپاٹوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں ان کو برقع پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، میک اپ آرٹسٹ ظہیر بابر نے برقع میں ملبوس اداکارہ کی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں ماہرہ خان کو پہچاننا مشکل ہو رہا ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں ماہرہ خان کو دوستوں کے ہمراہ نہ صرف رکشے کی سواری کرتے دیکھا جا سکتا ہے بلکہ انہیں بازار میں خریداری بھی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں ماہرہ خان کے ہمراہ دیگر دوست بات کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن اداکارہ کوئی بھی بات کرنے سے گریز کرتی دکھائی دیتی ہیں۔تصاویر اور ویڈیوز میں ماہرہ خان کو پیسوں سے بنا ہار بھی پہنا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے میک اپ آرٹسٹ نے لکھا کہ وہ اپنی بلو باجی کے ہمراہ بہاولپور گھوم رہے ہیں۔ویڈیوز میں ماہرہ خان کی جانب سے خاموشی اختیار کیے جانے پر اور ان کی جانب سے برقع پہننے پر انہیں پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے، تاہم اداکارہ نے خود بھی چند دن قبل بہاولپور میں موجودگی کی اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، اداکارہ نے انسٹاگرام پر بہاولپور میں موجودگی کی جو تصاویر شیئر کی تھیں، ان میں ایک تصویر میں اداکارہ کو برقع میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ برقع میں بہاولپور میں کیوں موجود تھیں، تاہم افواہیں ہیں کہ وہ اپنی پہلی نیٹ فلیکس سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی شوٹنگ کیلئے وہاں موجود تھیں لیکن اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

Back to top button