اداکارہ مدیحہ کا ولیمہ شادی کے 5 ماہ بعد کیوں ہوا؟

معروف وی جے اور اداکارہ مدیحہ امام اور فلم میکر موجی بسر نے شادی کے پانچ ماہ بعد ولیمہ کی تقریب دبئی میں منعقد کی جس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔اداکارہ مدیحہ امام نے یکم مئی 2023 کو اپنے قریبی دوست موجی بسر سے شادی کی تھی جس کی تصاویر کو سوشل میڈیا کی زینت بنایا تھا، تاہم اس جوڑے نے روایتی طریقے سے شادی کے فوراً بعد استقبالیہ نہیں کیا تھا، شادی کی خوبصورت تصاویر کے بعد مداح اس جوڑے کی استقبالیہ تصاویر دیکھنے کے لیے بھی بے تاب تھے۔مداحوں کا یہ طویل انتظار اچانک ختم ہوگیا، فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مدیحہ نے اپنے شوہر موجی بسر کے ہمراہ دبئی میں منعقدہ ولیمے کی تصاویر شیئر کر دیں جس نے بہت ہی کم وقت میں سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، تصاویرمیں یہ جوڑا دبئی کے دلفریب مقام پر موجود ہے جہاں انہوں نے کینڈل لائٹ ڈنر میں ولیمے کا فوٹو شوٹ کرایا۔اس تقریب خاص میں اداکارہ نے گلابی اور سرخ رنگ کے دلکش عروسی جوڑے کا انتخاب کیا جس پر مدھم میک اپ اور نفیس زیورات نے دُلہن کے حسن میں مزید اضافہ کر دیا جبکہ ساتھ ہی اداکارہ کے شوہر موجی بسر بھی سیاہ اور سفید تھری پیس سوٹ میں نظر آئے جو کسی لکی چارم سے کم نہیں لگ رہے تھے۔واضح رہے کہ مدیحہ امام کا ولیمہ 26 اکتوبر بروز جمعرات کو ہوا تھا، جیسے ہی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے اس جوڑے کو ان کے ولیمے پر ڈھیروں مبارک بادیں پیش کیں اور ساتھ ان کی تقریب کو بھی خوب پسند کیا گیا۔
