اداکارہ نیتو کپورنے ساس بہو کے جھگڑے کی بڑی وجہ بتا دی


حال ہی میں اداکارہ عالیہ بھٹ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے بالی ووڈ سٹار رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور نے ساس اور بہو کے درمیان خراب تعلقات کی وجہ بیٹے کو قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جب بیٹا جورو کا غلام بنتا ہے تو پھر معاملات خراب ہونے لگتے ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ شوہر رشی کپور کی وفات کے بعد اب میری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کام کروں تاکہ خود کو مصروف رکھ سکوں، نیتو نے اپنی ساس سے متعلق بتایا کہ ان کا میرے ساتھ انتہائی محبت کا رشتہ تھا، میں جب بھی مشکل میں ہوتی تو انہیں ہی فون کرتی تھی۔
اپنی بہو عالیہ بھٹ بارے بات کرتے ہوئے نیتو کپور نے کہا کہ وہ انتہائی سادہ مزاج کی پیاری بچی ہے، آج کے زمانے میں اچھا ہے کسی کو مشورہ نہ دیا جائے، سب سیکھ جاتے ہیں۔ رنبیر کپور کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا بہت سمجھ دار ہے۔ وہ ہر وقت ماں ماں نہیں کرتا، جب بیٹا ماں اور بیوی کے رشتے میں توازن برقرار نہیں رکھتا اور جورو کا غلام بن جاتا ہے تب مسائل پیدا ہوتے ہیں، ماں کو بھی بہو سے مسئلہ تب ہی شروع ہوتا ہے، اس لیے ساس اور اس کی بہو کے خراب رشتے کی بنیادی وجہ ہی بیٹا ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کئی برس کی دوستی کے بعد رواں سال 14 اپریل کو شادی کے بندھن میں بندھے، رنبیر اور عالیہ کی شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی۔ دونوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے، ان کی شادی میں تھیم گولڈ اور وائٹ رکھی گئی تھی اور تمام مہمانوں نے ان ہی رنگوں کے زیب تن کیے۔شادی کی تقریب جوڑے کے گھر باندرہ میں منعقد ہوئی، شادی میں صرف 40 سے 45 افراد کو مدعو کیا گیا تھا جن میں فیملیز کے علاوہ فلمساز کرن جوہر اور رنبیر کے انتہائی قریبی دوست ہدایت کار آیان مکھرجی سمیت دیگر شامل تھے۔

Back to top button