اداکارہ نیلم منیر سب کو کیا چکر دے رہی ہیں؟

اپنی نئی فلم ’’چکر‘‘ کی کامیابی کیلئے پر اُمید اداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ اس فلم کی شوٹنگ نے مجھے چکرا کر رکھ دیا تھا، کیونکہ مجھے ڈبل رول ادا کرنے کیلئے سخت محنت کرنا پڑی۔ نیلم منیر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انکی نئی فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ روایتی عید مصالحہ فلم نہیں بلکہ ایک پراسرار قتل کی کہانی ہے جس میں وہ جڑواں بہنوں کا کردار ادا کر رہی ہیں، اپنی فلم چکر بارے اداکارہ نے بتایا کہ میں تو اس بار سب کو ہی چکر دے رہی ہوں کیونکہ اس فلم کے چکر میںِ خود مجھے بہت چکر آئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ہم شکل کردار ادا کرنا کافی مشکل ہوتا ہے، فلم میں بہت کچھ ہے، رومانس ہے، ایکشن ہے، تجسس ہے اور ناچ گانا بھی، انہوں نے کہا کہ عام طور پر ہم ایک سیٹ پر ایک ہی کردار کرتے ہیں، مگر اس فلم میں ایک ہی سیٹ پر دو کردار، الگ الگ کپڑے، بالوں کا انداز اور اسکے علاوہ میں نے ڈبنگ میں اپنی آواز بھی کچھ بدلنے کی کوشش کی ہے۔
نیلم منیر کے مطابق اس فلم میں محنت بہت زیادہ لگی، کہانی میں ایک بہن گھریلو خاتون ہے اور دوسری سٹار، تو اسے نبھانے میں مشکل ہوئی مگر مزہ بھی آیا۔ نیلم نے اعتراف کا کہ ابتدا میں انہوں نے یہ فلم کرنے سے منع کر دیا تھا، کیونکہ تب ان کے پاس ڈراموں کا کام بہت زیادہ تھا، لیکن جب انیون نے اس فلم کا سکرپٹ دیکھا اور پھر ندا یاسر نے خود یہ کردار مجھے سمجھایا تو وہ انکار نہ کرسکیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ فلم میں ایک بہت اچھا ڈانس بھی ہے جس میں پاکستانی شوبز کے بہت سے ستارے ان کے ساتھ ہوں گے، یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے نیلم کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گاڑی کی پچھلی نشست پر محوِ رقص تھیں، وہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کے متعلق نیلم نے بتایا کہ وہ ان کا من پسند گانا تھا اور انہوں نے بہت مزے سے ڈانس کیا۔
اداکارہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ فلم چکر میں ان کا ڈانس بھی مداحوں کو پسند آئے گا۔ نیلم کا کہنا تھا کہ اس ڈانس کے بعد انہیں آئٹم نمبر کرنے کی کئی پیشکشیں ہوئیں لیکن انہیں جب تک گانا پسند نہ آ جائے وہ اس پر ڈیسک نہیں کرنا چاہتیں، نیلم نے بتایا کہ فلم کے سیٹ پر خاتون پروڈیوسر ندا یاسر کے ہونے سے بہت فرق پڑا اور کئی کام آسان ہوگئے۔ وہ پراُمید ہیں کہ ان کی فلم چکر ہٹ ہوگی کیونکہ اس کا مواد ایسا ہے جو عوام دیکھنا چاہتے ہیں، اداکارہ نے ڈرامہ ’’دل نواز‘‘ میں اپنے کردار جنی کے متعلق بتایا کہ یہ ان کا پسندیدہ ڈرامہ تھا۔ نیلم نے بتایا کہ ہدایت کار کے ساتھ طے ہوا تھا کہ بجائے خوف ناک شکل بنانے کے چڑیل یا جنّی کو خوبصورت بھی دکھایا جا سکتا ہے اور اسی پر کام ہوا کیونکہ وہ ٹیڑھا منہ نہیں بنا سکتی تھیں، اس پورے ڈرامے میں ان کے صرف تین جوڑے کپڑے تھے اور اسی طرح کام کیا جو زیادہ پسند کیا گیا۔
نیلم منیر نے واضح کیا کہ وہ اپنے کردار دہرانا نہیں چاہتیں، ان کے لیے ہر مرتبہ کچھ نیا، کچھ مختلف کرنا ضروری ہے، یاد رہے کہ نیلم نے آج تک کوئی مزاحیہ کردار نہیں کیا اور وہ اب یہ کردار بھی کرنا چاہتی ہیں، لیکن ڈرامہ بدستور ان کی پہلی ترجیح ہے کیونکہ بقول اداکارہ کے ڈرامے میں کام زیادہ ہوتا ہے اور بہت کچھ کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔
