اداکار فواد خان ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ میں جلوہ گر


طویل انتظار کے بعد اداکار فواد خان معروف ویب سیریز ’’مس ارول‘‘ میں جلوہ گر ہوگئے ہیں، اداکار ویب سیریز میں حسن نامی نوجوان کا کرادار ادا کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر صارفین ان کے کردار کی کافی تعریفیں کر رہے ہیں۔

’’مس مارول‘ کی پانچویں قسط میں فواد خان کو پاکستان بنتے وقت کے دور میں دکھایا گیا ہے، اس میں وہ اور مہوش حیات ایک ساتھ نظر آتے ہیں، یہ سیریز ایک پاکستانی خاندان کی داستان ہے۔ ’مس مارول‘ کی کہانی پاکستان سے تعلق رکھنے والی کمالا نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو مارول کے کرداروں کی بہت بڑی مداح ہے اور پھر اس کے پاس بھی سپر پاور طاقتیں آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ سیریز کی نئی قسط ہر بدھ کو ریلیز کی جا رہی ہے، مس مارول‘ میں فواد کو دیکھ کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔

سونیا سنگھ نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں لکھتی ہیں اگر ہاٹ سٹار ایپ پر آئی پی ایل کے بعد سب سے زیادہ لوگ کچھ دیکھنے آئیں گے تو یہ مس مارول کی تازہ قسط کی وجہ سے ہوگا کیونکہ اس میں فواد خان ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا صبح بخیر، آپ سب کو فواد کی مس مارول میں انٹری بہت مبارک ہو، ٹیٹو نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ہم سب یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ مس مارول بہت ہی شاندار سیریز ہے۔ ایک اور خاتون ٹوئیٹر صارف سارہ کا کہنا تھا کہ ’اگر فواد خان میری طرف ایسے دیکھیں تو میں بے ساختہ جل کر مر جاؤں، مس مارول میں فواد خان کے علاؤہ مہوش حیات اور فرحان اختر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ کمالا کا مرکزی کردار پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی نے ادا کیا ہے۔

اس سیریز میں پاکستانی گانوں کو بھی بھرپور انداز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک کی اقساط میں علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘، حسن اور روشان کا گانا ’دل ڈوبے‘، عابد بروہی کا گانا ’دی سبی سونگ‘، طلال قریشی اور نصیبو لعل کا گانا ’آگ‘، نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘، سجاد علی کا گانا ’بے بیا‘ اور مسرت نظیر کا گانا ’میرا لانگ گواچا‘ کو سیریز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

Back to top button