اداکار نیئر اعجاز دوسری شادی کے اتنے مخالف کیوں ہیں؟

سینئر اداکار نیئر اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے زندگی میں کئی عشق کیے ہیں لیکن کبھی بھی دوسری شادی کے قائل نہیں ہیں، کیونکہ ان کی بیوی بہت خدمت گزار ہے، ان کی خدمت اور محبت ہی ہے جو انہیں اِدھر اُدھر نہیں ہونے دیتی، البتہ عشق بہت کیے جا سکتے ہیں۔سینئر اداکار نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ جوانی میں کیریئر کے آغاز میں انہیں ایک اور خاتون سے عشق بھی ہوا تھا۔اداکار نے بتایا کہ ان کی پیدائش پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوئی لیکن وہ کم عمری میں ہی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ منتقل ہوگئے تھے اور وہیں ہی انہوں نے ایم اے تک تعلیم حاصل کی، بتایا کہ انہیں میٹرک کے وقت ہی اداکاری کرنے کا موقع ملا اور اس وقت تک انہیں اداکاری سے متعلق کچھ علم نہیں تھا۔نیئر اعجاز نے بتایا کہ کوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران ہدایت کار طارق معراج نے ان کی آواز سن کر انہیں کام کی پیش کش کی اور انہوں نے پہلا ہی ڈراما سینئر اداکاروں کے ہمراہ کیا، انہیں شوبز میں کام کی پہلی کمائی 425 روپے ملی اور اس وقت یہ رقم بہت بڑی تھی۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے اداکاری میں نام کمانے سے قبل 9 سال تک وفاقی حکومت کے ایک محکمے میں سرکاری ملازمت بھی کی، وہ 11 بہن اور بھائیوں میں دسویں نمبر پر ہیں اور ان کا خاندان بہت غریب تھا، ان کے والد نے تنہا سب بچوں کی پرورش کی، ایک سوال کے جواب میں سینئر اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں تین بیٹے ہوئے لیکن تمام بچے کچھ ہی دن میں فوت ہوگئے۔نیر اعجاز کے مطابق متعدد طبی پیچیدگیوں اور مسائل کی وجہ سے ان کے تینوں بیٹے نہیں بچ سکے، ایک بیٹا ماں کے پیٹ میں ہی چل بسا تھا اور اب انہوں نے اپنی بھتیجی کو گود لے رکھا ہے، بیوی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی والدہ نے کروائی تھی اور والدہ نے کہا تھا کہ انہیں ایسی دلہن ڈھونڈ کر دیں گی کہ انہیں کبھی کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔نیر اعجاز کے مطابق بیوی انہیں بہت پیار دیتی ہیں اور ان کی محبت اور خدمت ہی انہیں کہیں دوسری جانب جانے نہیں دیتی اور اب ان کی بیوی کو بھی یقین ہوچکا ہے کہ وہ کبھی دوسری عورت کو گھر نہیں لائیں گے، اپنے پہلے عشق سے متعلق بھی انکشاف کیا اور کہا کہ نوجوانی میں انہیں ایک لڑکی سے عشق ہوگیا تھا لیکن والد کی بیماری کی وجہ سے وہ لڑکی کو چھوڑ گئے تھے اور جب کچھ سال بعد واپس آئے تو لڑکی دو بچوں کی ماں بن چکی تھی اور ان کا عشق وہیں ختم ہو چکا تھا۔
