امریکا سے مذاکرات میں ایران کو کون کون سا ریلیف ملا؟

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے ایران امریکا مذاکرات کے نتیجے میں لبنان میں جاری تنازع کے خاتمے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
عباس عراقچی نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر شیئر کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی اور قطری سفارتی کوششوں کی بدولت لبنان سے متعلق معاملات میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران کی تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر عائد بعض پابندیوں کے خاتمے، چند منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی کے خاتمے جیسے اقدامات پر بھی پیشرفت ہوئی ہے۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے ایران کی اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جبکہ ملک کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے ایک وسیع منصوبے کا آغاز بھی متوقع ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے آئندہ مراحل خطے میں استحکام، اقتصادی تعاون اور سفارتی روابط کے فروغ میں مزید مددگار ثابت ہوں گے۔
