اذان سمیع نے مشہور والدین کے بیٹے ہونے کا کیا فائدہ اٹھایا؟

معروف اداکارہ زیبا بختیار اور گلوکار عدنان سمیع کے صاحبزادے اذان سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور والدین کا بیٹا ہونے کی وجہ سے میں نے شوبز انڈسٹری میں کافی فائدہ حاصل کیا، اگر میں یہ کہوں مجھے بہت جدوجہد کرنا پڑی تو یہ غلط ہوگا۔اداکار اذان سمیع نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشہور والدین کی اولاد ہونے کے بہت فائدے ہوتے ہیں، اذان سمیع خان ان نامور شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے موسیقی میں اپنے کام کے ذریعے نام بنایا۔

انہوں نے ڈراما ہم کہاں کے سچے تھے، عشق لا، فلم سپر اسٹار اور پرے ہٹ لو جیسے نامور سیریلز کے گانے کمپوز کیے اور خوب پزیرائی سمیٹی، اس کے علاوہ انہوں نے ہم ٹی وی کا ڈراما ’عشق لا‘ میں سجل علی کے ساتھ مرکزی کردار بھی ادا کیا۔ حال ہی میں اذان سمیع نے اے آر وائے ڈیجیٹل پر ندا یاسر کے پروگرام شان سحور میں شرکت کی اور میڈیا انڈسٹری میں اقربا پروری کے حوالے سے بات کی۔واضح رہے کہ میڈیا انڈسٹری میں آئے روز اقربا پروری کی خبریں گردش کرتی ہیں کہ سینئر اداکار کے بیٹے کو بغیر کسی محنت کے ڈرامے میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا جاتا ہے یا پھر انہیں اپنی صلاحیتوں کے بجائے رابطوں کی بنیاد پر کام دیا جاتا ہے، جس پر شائقین انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

میزبان ندا یاسر کے سوال کے جواب میں اذان سمیع نے کہا کہ فائدے بہت ہوتے ہیں، میں اگر آج بیٹھ کر بولوں کہ بہت جدوجہد کرنی پڑتی ہے تو یہ غلط بات ہے، آپ کی تربیت پر منحصر ہے کہ آپ ان فائدوں کو غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں یا نہیں۔یہ بہت آسان سے فوائد ہیں کہ اگر آپ انڈسٹری میں آنا چاہتے ہیں تو آپ لوگوں کو جانتے ہیں، ان سے ملاقات کرتے ہیں۔انہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے کمپوزیشن سیکھنی تھی، تو میں اکثر پاکستان کے عظیم اور سینیر کمپوزر وقاص علی کے اسٹوڈیو میں بیٹھتا تھا، اس آرٹ اور علم تک رسائی اور ایسے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کا موقع جو اپنے شعبے میں ماہر ہیں، یہ سب سے بڑا فائدہ ہے۔

ندا یاسر نے اداکاری سیکھنے سے متعلق سوال کیا تو اذان سمیع نے کہا کہ ’چونکہ میری والدہ اداکارہ ہیں تو میرا پچپن بھی ٹی وی سیٹ پر گزرا ہے، یہ سیٹ اور اسٹوڈیوز مجھے گھر کی طرح محسوس ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اگر کوئی لڑکی یا لڑکا، جس کے والدین کسی اور شعبے سے تعلق رکھتے ہوں گے تو انہیں وہاں فائدے حاصل ہوتے ہوں گے۔اذان سمیع نے کہا کہ اگر آپ اس کیریئر کا انتخاب کر رہے ہیں اور پہلے دن ہی آپ کا موازنہ ایک لیجنڈ سے کیا جا رہا ہے تو یہ بھی ایک فائدہ ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس کا بہت دباؤ ہوتا ہے لیکن تھوڑے دنوں بعد جب آپ آگے بڑھ رہے ہوتے ہیں تو آپ کے ساتھ آسانی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر جب میں اداکاری کے حوالے سے سوچ رہا تھا تو میں نے کئی آڈیشن دیے، کئی مرتبہ میری اداکاری ٹیم کو سمجھ نہیں آئی تو مجھے ریجیکٹ بھی کردیا گیا، مثال کے طور پر فلم پرواز ہے جنون کے لیے میں نے آڈیشن دیا تھا لیکن سلیکٹ نہیں ہوسکا۔

Back to top button