ارشد شریف قتل، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول

کینیا میں قتل ہونے والے معروف پاکستانی صحافی ارشد شریف کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہے جوکہ موصول کر لی گئی ہے۔

ایف آئی اے کی بنائی گئی فیکٹ فائڈنگ کمیٹی نے اب تک کی تحقیقات سے متعلق اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی، یہ رپورٹ سیکریٹری داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کینیا میں کی گئی تحقیقات کی تفصيلات شامل کی گئی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کے سلسلے میں دبئی میں یونے والی تحقیقات اب بھی جاری ہے، واضح رہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے دبئی پولیس کو لکھے گئے خط میں مقتول صحافی ارشد شریف کا ویزا منسوخ ہونے کی وجوہات پوچھی تھیں۔ جب کہ ایف آئی اے کی جانب سے ان کی رہائش کی تفصیلات بھی مانگی گئی تھیں۔

خط میں لکھا تھا کہ پاکستانی صحافی کی رہائش گاہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیوز دی جائیں، بتایا جائے کہ دبئی ميں ارشد شريف کہاں کہاں گئے اور کس کس سے ملے۔

ايف آئی اے نے دبئی پولیس سے ارشد شریف، سلمان اقبال اور طارق وصی کے ٹیلی فون نمبرز کی سی ڈی آر (کال ڈیٹیل ریکارڈ) فراہمی کا بھی مطالبہ کیا، پاکستان کی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ دس سے بیس اکتوبر تک دبئی آنے والے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کا ڈیٹا ديا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے صحافی ارشد شریف کے قتل کی اطلاعات 23 اکتوبر کو سامنے آئی تھیں۔ ان کو کینیا میں قتل کیا گیا۔

Back to top button