ایران جنگ کے مستقبل پر امریکی کانگریس اور افواج میں شدید اختلافات

ایران سے جنگ کے مستقبل پر امریکی کانگریس اور مسلح افواج میں سی این این رپورٹ کے مطابق شدید اختلافات پائے جا رہے ہیں۔

امریکی نیوز چینل سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا کے اعلیٰ ترین فوجی عہدیدار جنگ سے نکلنے اور امریکی فوجیوں کو محفوظ رکھنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں، جبکہ کانگریس میں ایران کے خلاف مزید سخت اقدامات اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی مظاہرین کو ہتھیار فراہم کرنے سمیت دیگر اقدامات کے حامیوں کی آوازیں زور پکڑ رہی ہیں۔

دوسری جانب ایران میں جنوری میں ہونے والے خونریز مظاہروں کو چھ ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد نیویارک ٹائمز نے تفصیلی رپورٹ میں ان ایرانیوں کی مایوسی کا ذکر کیا ہے جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مدد کی یقین دہانی پر بھروسا کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مظاہرین بدستور بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اب جنگ ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سی این این رپورٹ کے مطابق امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین نے حالیہ ہفتوں کے دوران صدر کے دیگر اعلیٰ مشیروں کے ساتھ گفتگو میں ایران کے ساتھ جنگ کو مزید بڑھانے کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کیا جانا چاہیے۔

علاوہ ازیں امریکا کی ایران سے جنگ کو پانچ ماہ گزر چکے ہیں اور وسط مدتی انتخابات میں 90 دن سے بھی کم وقت باقی ہے۔ ایسے میں اس جنگ میں کسی بھی قسم کی کامیابی، چاہے وہ صرف علامتی ہی کیوں نہ ہو، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔

اگر ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے ساتھ بحری جہازوں سے گزرنے کی فیس وصول کرنے اور امریکی جنگی بحری جہازوں کو اس آبی گزرگاہ سے گزرنے سے روکنے کی شرط عائد کرتا ہے تو ٹرمپ کی اس ممکنہ فتح کا علامتی پہلو بھی باقی نہیں رہے گا۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا کہ ایران نے امریکا کو خلیج فارس سے نکالنے کے لیے موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے اور عمان کے ساتھ معاہدے کے لیے اپنی شرائط میں امریکی بحری جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے پر پابندی کی شرط بھی شامل کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا، جو ان مذاکرات میں شریک نہیں ہے، بارہا واضح کر چکا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کرنے یا اس پر محصول وصول کرنے کو قبول نہیں کرے گا۔

 

پاکستانیوں اور ہندوستانیوں کو کونسا مشترکہ دکھ جوڑ سکتا ہے؟

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ معاملہ دیگر کئی اہم اختلافات کے ساتھ عمان اور ایران کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے۔

Back to top button