استعفوں کی تصدیق کیلئے PTIارکان کودوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نےتحریک انصاف کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا اور استعفوں کی منظوری کے حوالے سے اسپیکر سے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔سپیکر قومی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کے خط کا جواب دے دیا جس میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی اراکین کو علیحدہ علیحدہ بلائیں گے۔
جوابی خط میں قومی اسمبلی کے رول 43 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اسپیکر کو یہ اطمینان کرنا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے، ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے، اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا، 11 اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 30 مئی کو خط لکھا گیا، 6 سے 10 جون تک تصدیق کا وقت دیا گیا۔
دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان آج اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی،سپریم کورٹ کی رائے کے بعد پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز نے آج اسپیکر کے پاس پیش ہونے کا اعلان کررکھا تھا۔
