کیریئر کے آغاز میں فہد مصطفٰی بطور اداکار ناکام کیوں ہوئے؟

معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے بتایا ہے کہ جب انہوں نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو اداکاری میں قسمت آزمانے کی کوشش کی لیکن جب انہیں وہاں کامیابی نہ ملی تو وہ میزبانی کی طرف چل پڑے جہاں ان کی قسمت جاگ اٹھی اور پھر ہوسٹنگ نے ان پر اداکاری کے دروازے بھی کھول دیئے۔ حال ہی میں فہد مصطفیٰ نیٹ فلکس اُردو پر بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے پروگرام ’’دی مرزا ملک شو‘‘ میں شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سے متعلق کئی باتیں بتائیں۔ ایک سوال پر فہد مصفطیٰ نے اداکاری سے میزبانی کی طرف آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری کی بات کریں تو پاکستان میں آرٹسٹ کیلئے بہت مشکلات ہیں، کیونکہ لوگ نئے اداکاروں کو چانس دینے سے ڈرتے ہیں۔ ایک وقت تھا جب لوگ اداکاروں کو ٹی وی پروگراموں کی میزبانی کرنے سے روکتے تھے، کیونکہ یہ تصور کیا جاتا تھا کہ اگر آپ ہوسٹنگ کی فیلڈ میں قدم رکھیں گے، تو آپ کا بطورِ اداکار کیرئیر ختم ہو جائے گا۔
فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ میں نے اداکاری سے مایوس ہو کر ہوسٹنگ کا رخ کیا کیونکہ میں پیسہ کمانا چاہتا تھا، میں کافی عرصے سے اداکاری کر رہا تھا لیکن میرے پاس پھر بھی پیسے نہیں تھے، سچی بات ہ ہے کہ ہوسٹنگ نے میرے لیے سب کچھ بدل کر رکھ دیا اور قسمت کی دیوی مجھ پر مہربان ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہوسٹنگ کے دوران میری انرجی کبھی کم نہیں ہوتی کیونکہ کیونکہ پیسہ کبھی کم نہیں ہوتا۔ فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ٹی وی شو کی میزبانی سے ہی مجھے پہچان ملی ہے اور میں بطور اداکار بھی اسی وجہ سے آگے بڑھا۔ اب بھی میں ذیادہ اپنی میزبانی کی بدولت جانا جاتا ہوں نہ کہ اپنی ہٹ فلموں کے لیے، ویسے بھی ہوسٹنگ کے بعد ہی میری زیادہ تر فلمیں ہٹ ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ مقبول اور کامیاب پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن اداکار، پروڈیوسر اور میزبان ہیں۔ انہوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں اور ڈراموں میں پرفارم کیا ہے، ان کے مشہور ٹیلی ویژن ڈراموں میں ’میں عبدالقادر ہوں‘، آشتی، کنکر، دوسری بیوی، میرا سائیں اور میں چاند سی شامل ہیں جبکہ انہوں نے ’نامعلوم افراد‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔
