اسرائیلی فوج کی بمباری سے سینیئر فلسطینی کمانڈراہلیہ سمیت شہید

غزہ اورشام میں اسرائیل کے فضائی حملے میں سینیئر فلسطینی کمانڈر اہلیہ سمیت شہیدہوگئے۔غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مشرقی غزہ میں اسرائیلی حملے میں بهاء ابو العطا اوران کی اہلیہ شہید ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بهاء ابو العطا اسرائیل پر ہونےوالے حالیہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ دریں اثنا شامی حکام کا کہنا ہے کہ دمشق میں اسرائیل نے ایک اور کمانڈر اکرم الجوری پر فضائی حملہ کیا تاہم حملے میں وہ محفوظ رہے۔
شام کے سرکاری خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگجو طیاروں نے اکرم الجوری کے گھر پر 3 میزائل داغے جس کی وجہ سے ان کا بیٹا اور پوتی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے کے بارے میں بات کرنے سےانکار کردیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل کا ایران اور اس کی پروکسیز سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر خطے میں تشدد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے متعدد مرتبہ ایران کو جارحیت کرنے پرخبردار کیا ہے جبکہ ان کی سیکیورٹی کابینہ مزید اقدامات کے حوالے سے ہنگامی سیکیورٹی اجلاس بھی کررہی ہے۔غزہ میں ہونے والا حملہ رات کی تاریکی میں کیا گیا تھا جب بھاء ابو العطا اپنے گھر پرسورہےتھے۔ اسرائیل فوج کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نےصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھاء ابو العطا ایک ‘ٹائم بم’ تھا جو جنوبی اسرائیل پر متعدد راکٹ حملوں میں ملوث تھا۔
انہوں نےدعویٰ کیا کہ ہلاک کیا گیا کمانڈر نئے حملوں کی تیاری کررہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ’ہم گزشتہ ایک ہفتے سے سرجیکل اسٹرائک کے لیے موقع کی تلاش کر رہے تھے، حملے میں عمارت کے صرف ایک حصے کو تباہ کیا گیا تاکہ نقصان کو کم کیا جاسکے۔ بھاء ابوالعطا کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ حملےمیں ان کی اہلیہ بھی ہلاک ہوئیں اور 2 بچے زخمی ہوئے۔ ایران کی حمایت یافتہ فلسطینی تنظیم کی جانب سے ہلاکت کی تصدیق کے منٹوں بعد ہی اسرائیل کی جانب کئی راکٹ فائر کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھاکہ چند گھنٹوں میں 50 سے زائد راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے20 کو ڈیفنس سسٹم کے ذریعےروک دیا گیا تھا۔
راکٹ حملوں میں اسرائیل کا کوئی جانی نقصان سامنے نہیں آیا۔ رد عمل میں اسرائیل نے غزہ میں جانے والا کراسنگ پوائنٹ بند کردیے اور مچھلی کے شکار کی اجازت کو محدود کردیا جبکہ غزہ سرحد سے تل ابیب تک 90 کلومیٹر تک اسکول بند رہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا، شیلٹرز کھول دیے گئے اور عوامی اجتماع پر پابندی عائد کی گئی۔ دوسری جانب دمشق میں فوجی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شامی دارالحکومت میں 3 میزائل داغے جن میں سے ایک کو شامی فضائی ڈیفنس سسٹم نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا جبکہ دو اکرم الجوری کے گھر سے ٹکرائے۔ شام کے سرکاری میڈیا نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں اکرم الجوری کے کے بیٹے معاذ اور پوتی بتول ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک اور شخص عبداللہ یوسف حسان بھی واقعے میں ہلاک ہوئے جبکہ 9 شہری زخمی ہوئے۔ موقع پر موجود صحافی کا کہنا تھا کہ حملے میں لبنانی سفارتخانے سے 50 میٹرکے فاصلے پر قائم 3 منزلہ عمارت پوری طرح تباہ ہوگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button