اسرائیل کا المغازی کیمپ پرفضائی حملہ،30فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے غزہ میں المغازی کیمپ پر رات کی تاریکی میں بڑا فضائی حملہ کردیا، حملے میں 30 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے پانچویں ہفتے میں داخل ہو گئے، اسرائیلی افواج کی جانب سے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ بنے اقوام متحدہ کے الفخورا اسکول پر بھی بمباری کی گئی تھی۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں اور ایندھن کی قلت سے غزہ کے 16 اسپتالوں اور 32 طبی مراکز میں کام رک چکا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے حماس کے القسام بریگیڈز کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، حماس کے مواصلاتی مرکز، بنکرز اور سرنگوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی فورس حماس کے چیف يحیٰ السینوار کو تلاش کرکے ختم کر دے گی۔
اسرائیلی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملوں میں حماس کے 12 کمانڈرز مارے گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز نےغزہ شہر کا مکمل گھیراؤ کر رکھا ہے۔
