اسلام آباد میں بارات کے بعد لاہور میں جنید کے ولیمہ کی تیاریاں


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن خان کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے شادی اسلام آباد میں انجام پا گئی ہے، جنید صفدر دلہن کو لینے بارات کے ہمراہ 14 دسمبر کے روز اسلام آباد میں سیف الرحمان کے گھر پہنچے۔ دونوں کی دعوت ولیمہ 17 دسمبر کے روز جاتی امرا رائیونڈ لاہور میں ہوگی جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس اگست میں جنید اورعائشہ کا نکاح لندن میں ہوا تھا جس کے بعد دونوں کی شادی کی تقریبات 12 دسمبر کو شروع ہوئی تھیں۔ 14 دسمبر کو جنید صفدر کی بارات دلہن کے گھر جانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں لیکن سب سے زیادہ تعریفیں مریم نواز کے لباسنکی ہو رہی ہیں، بارات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں مریم نواز کو دیدہ زیب ہرے رنگ کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ان کے شوہر کیپٹن صفدر نے سوٹ زیب تن کر رکھا ہے اور سر پر شملے والی پگ پہن رکھی ہے۔
بارات کے موقع پر پر جنید صفدر نے روایتی سفید شیروانی جبکہ دلہن نے روایتی عروسی لباس لہنگا پہنا۔ دونوں کی شادی کی مرکزی تقریبات میں شہباز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنمائوں نے بھی شرکت کی، علاوہ ازیں دیگر سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
استقبالیہ سے قبل مایوں کی تقریب کے دوران راحت فتح علی خان نے پرفارمنس دی تھی جبکہ جنید صفدر نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا،
بارات کے بعد اب جنید صفدر دلہن کے ہمراہ لاہور منتقل ہوں گے جہاں 17 دسمبر کو ان کے ولیمے کی تقریب منعقد ہو گی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی شادی کی صورت میں شریف خاندان میں کافی عرصے بعد ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی ہے، اس سے قبل مریم نواز کی صاحبزادی مہرالنسا صفدر کی شادی 2015 میں ہوئی تھی۔ جنید کے ولیمہ کے لیے جاتی عمرا لاہور میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے جنید اور ان کی دلہن کے لیے ایک نیا گھر تعمیر کروایا ہے جہاں شادی شدہ جوڑا رہائش پذیر ہو گا۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ دونوں اپنی مستقل رہائش لاہور میں رکھیں گے، اسلام آباد میں یا لندن میں؟

Back to top button