سپیکر کی وزیر اعلیٰ کےخلاف تحریک استحقاق،بلوچستان حکومت خطرے میں

بلوچستان میں حکمران جماعت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور سپیکر صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان نےمقامی اخبار میں میرے خلاف بیان دیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ میں جذباتی شخص ہوں اور جذبات میں آکر باتیں کرجاتا ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ بحثیت اسپیکر مجھے اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ میرے خلاف بیان میں غیر مہذب اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک استحقاق کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا جائے کیونکہ وزیر اعلیٰ کے اس بیان سے نہ صرف میرا بلکہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔
تحریک استحقاق جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے جام کمال کے خلاف اپنے الزامات دہراتے ہوئے کہا کہ ‘حکومت کا پہہ جام ہے، آٹھ ماہ پہلے کہہ چکا ہوں کام نہیں ہو رہا، جام کمال میرے لیے محترم ہیں لیکن کام نہیں ہو رہا۔’ انہوں نے کہا کہ ‘بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کی جماعت ہے لیکن وزیر اعلیٰ آفس عوام کا آفس نہیں رہا لہٰذا مجبور ہو کر آواز اٹھائی ہے۔’ عبدالقدوس بزنجو نے دعویٰ کیا کہ ‘صوبے میں حکومت بنانے میں کوئی مشکلات نہیں ہیں، اپوزیشن نے کہا 10 اراکین لے آؤ ہم تیار ہیں، پارٹی کے تمام اراکین ناراض ہیں اور جب چاہوں 10 کے بجائے 15 اراکین لاسکتا ہوں۔’ ان کا کہنا تھا کہ ‘بلوچستان میں اس سے بدتر حکومت اس سے پہلے کبھی نہیں آئی، جام کمال اچھے شخص ہیں لیکن فیصلے نہیں کر سکتے، پارٹی کے اندر تبدیلی لائیں گے لیکن پارٹی ختم نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عبدالقدوس بزنجو ایک انٹرویو میں واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ ‘میرا نہیں خیال کہ جام کمال کو وزیر اعلیٰ بلوچستان رہنا چاہیے اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا کر انہیں ہٹا دیں گے۔’ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں پارٹی کے اندر تبدیلی لائیں گے جس سے ووٹنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی اور انشااللہ وزیر اعلیٰ کو ہٹائیں گے’۔ ان کا کہنا تھا کہ جام کمال کارکردگی نہیں دکھا رہے ہیں، وہ باتیں اچھی کرتے ہیں لیکن ناکام ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شہوانی کا کہنا تھا کہ ‘عبدالقدوس بزنجو کے مسائل کیا ہیں معلوم نہیں لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال پارٹی کے صدر ہیں اور انہیں پارٹی کی حمایت حاصل ہے’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button