افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 پائلٹس ہلاک

افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں افغان فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے اس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی‘ کی رپورٹ افغان فوج کے ترجمان روح اللہ احمد زئی نے کہا کہ ایم آئی-35 چوپر صبح 11 بجے ضلع پُرچمن میں حادثے کا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر صوبائی دارالحکومت سے ضلعی ہیڈکوارٹرز کی جانب گامزن تھا کہ گر کر تباہ ہوگیا۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر تکنیکی مسئلے کی وجہ سے حادثے شکار ہوا اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نومبر 2019 میں افغانستان کے صوبہ لوگر میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں امریکی فوج کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں البتہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ کسی دشمن کی فائرنگ کا نتیجہ نہیں۔
تاہم افغان طالبان کی جانب سے صوبے لوگر میں ہیلی کاپٹر مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔
اس سے ایک ماہ قبل افغانستان کے شمالی صوبے بلغ میں ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں افغان فوجی اہلکاروں اور عملے سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
اس وقت تکنیکی مسئلے کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا تھا۔
