افغان خاندان کاانخلاکیخلاف عدالت سے رجوع

افغان خاندان نے پاکستان سے انخلا کے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے حکومتی ڈیڈ لائن کے معاملے پر جہلم کے رہائشی افغان خاندان نے اداروں کی طرف سے دیے گئے انخلا کے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس جانے کا کہا گیا ہے جب کہ درخواست گزار اور اس کی اہلیہ کے پاس مہاجر کارڈ موجود ہے۔ درخواست گزار کے 3 بچے کم عمر اور اسکول میں زیر تعلیم ہیں ۔
درخواست میں بتایا گیا کہ 23 اکتوبر کو وزارت داخلہ کے اہل کاروں نے ہماری رہائش گاہ پر آکر افغانستان واپس جانے کا کہا۔ درخواست گزار نے وزارت داخلہ اور سیفران کو معاملے پر درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اداروں کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے عمل کو روکا جائے اور ہمیں سنے بغیر اداروں کو کوئی سخت ایکشن لینے سے روکا جائے ۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔
