شہباز شریف کی ہانگژو میں چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہانگژو میں مختلف اہم چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن کا مقصد پاک چین کارپوریٹ روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔

شہبازشریف نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ایگنس سیو سے ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون پر گفتگو کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے یہاں صاف توانائی کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ اور اس کی بڑھتی ہوئی طلب کی طرف خصوصی توجہ مبذول کروائی۔

جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام پر تعاون کے لیے وزیراعظم نے CATL کے ایگزیکٹو صدر مسٹر آسکر لوؤ سے ملاقات کی تاکہ پاکستان کی صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سٹارچارج گروپ کی چیئرپرسن ڈین وے شاؤ سے ملاقات کر کے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر اور سمارٹ موبیلیٹی سسٹمز کے شعبے میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

پاکستان کی دواسازی اور طبی صنعت کو مزید بہتر بنانے کے لیے شیوژینگ فارماسیوٹیکلز کے صدر مسٹر ژن یوان نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع زیرِ بحث آئے۔

 

Back to top button