ترک صدر کا فیلڈمارشل ،امریکی صدرسمیت متعددعالمی رہنماؤں سے رابطہ

ترک صدر رجب طیب اردوان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلیفونک کانفرنس کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترکیہ کے صدارتی آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں گیا گیا کہ صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، یو اے ای کے شیخ محمد بن زائد النہیان، قطر کے شیخ تمیم بن حماد الثانی، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، اردن کے شاہ عبداللہ، پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی اراکین کانگریس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی۔
صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی عمل کے اس مرحلے تک پہنچنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں آزادانہ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے کسی معاہدے سے خطے میں استحکام آئے گا اور عالمی معیشت کو بھی ریلیف ملے گا، مذاکرات میں کردار ادا کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ترک صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی ممکنہ معاہدہ طے پاتا ہے تو ترکیہ اس کے نفاذ کے دوران ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور انہیں یقین ہے کہ ایران کے حوالے سے متنازع مسائل بشمول جوہری مسئلہ مناسب طریقے سے حل کیے جا سکتے ہیں۔
