افغان طالبان نے جنرل مشرف سے کیسے دھوکا کھایا؟


1999 میں شریف برادران کی اپنے خلاف بیان بازی سے ناراض افغانستان پر قابض طالبان قیادت نے 12 اکتوبر 1999 کو آرمی چیف جنرل مشرف کی فوجی بغاوت پر خوشیاں منائی تھیں، تاہم 2001 میں اسی مشرف نے امریکہ کی کاسہ لیسی کرتے ہوئے نہ صرف طالبان کی خوش فہمی دور کردی بلکہ مشرف کا دور پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ افغان طالبان کے لئے بھی قیامت خیز ثابت ہوا۔
22 برس قبل جب پاکستان میں جنرل پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت کا تختہ اُلٹا تو افغانستان میں اُس وقت طالبان کا دور تھا۔ اُس وقت کے طالبان کے سینیئر رہنماؤں کے مطابق نواز شریف کی حکومت نے ’مغرب کی ایما پر‘ طالبان کے خلاف بیانات دینے شروع کر دیے تھے لہذا جب طالبان قیادت کو 12 اکتوبر کو پرویز مشرف کے ’مارشل لا‘ کی خبر ملی تو وہ ’سب سے ذیادہ خوش‘ تھی اور اسے یہ اُمید پیدا ہو گئی تھی کہ اب پرویز مشرف پچھلی حکومت کی نسبت اُن سے اچھے تعلقات قائم کر لیں گے۔
افغان طالبان کے بانی ملا محمد عمر کے دست راست عبدالحئی مطمئن اپنی کتاب ’ملا محمد عمر، طالبان اور افغانستان‘ میں لکھتے ہیں کہ جولائی 1999 میں طالبان پر بین الاقوامی برادری کی جانب سے پابندیاں لگنے کے بعد تبدیلی ہے وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے بارہا ’افغانستان میں طالبان حکومت‘ کے خلاف بیانات دیے گئے تھے اور طالبان قیادت پاکستانی حکومت کی اس بے رُخی پر نالاں تھی۔ عبدالحئی مطمئن ’پاکستان کے ساتھ مخدوش روابط اور مشرف کا مارشل لا‘ کے عنوان کے تحت لکھتے ہیں کہ جولائی 1999 سے افغانستان پر امریکی کی جانب سے یکطرفہ پابندیوں کے بعد نواز شریف کی جانب سے اس لیے طالبان پر شدید تنقید ہوئی کہ طالبان کی صفوں میں بعض ایسے شدت پسند ہیں جو پاکستان کے لیے خطرہ ہیں۔ مطمئن وزیراعظم نواز شریف کے اس ’الزام‘ کو قبول کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’یہ کوئی نئی بات نہیں تھی اور اُن کے ساتھ اُزبک، تاجک اور چیچن عوام کے علاوہ پاکستانی مجاہدین‘ بھی تھے۔وہ لکھتے ہیں دیگر مجاہدین کی طرح پاکستانی مجاہدین بھی جن میں اکثریت کشمیری تنظیموں کے لوگوں کی تھی، اُن کی صفوں میں شامل ہو کر لڑتے رہے اور پاکستان کو ان سے کوئی تشویش نہیں تھی۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے طالبان کے خلاف سخت بیانات کے بارے میں طالبان قیادت کا یہ خیال تھا کہ ان کی اصل وجہ ’مغرب کو خوش‘ کرنا ہے۔ قطر دفتر میں طالبان کے ایک سینیئر رہنما نے کتاب میں درج اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان قیادت کو نواز شریف کی حکومت سے اس لیے بھی زیادہ گلے شکوے تھے کیونکہ اُن کے بقول گلے شکوے اپنوں سے ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ پاکستان افغان طالبان کا قریب ترین ساتھی دوست اور ہمسایہ ملک تھا اور اگر اُن کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے والے کوئی بیان دیتے تو اُن سے ہمارا گلے کا حق نہیں تھا، لیکن پاکستان سے تھا۔ سیاسی دفتر کے اس رہنما کے مطابق اُنھیں پہلے دن سے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی حمایت حاصل تھی اور پوری دنیا ایک طرف جبکہ پاکستان دوسری طرف اُن کے لیے سب سے اہم تھا تاہم اُن کے مطابق طالبان قیادت کے شکوے پاکستان سے نہیں بلکہ نوازشریف سے تھے۔
ایک طالبان رہنما کے بقول طالبان بڑے سادہ لوگ ہیں، وہ یہ سجمھتے تھے کہ پرویز مشرف نواز شریف سے زیادہ اچھے مسلمان اور تقویٰ دار ہوں گے، اسی لیے اُنھیں نواز شریف کے جانے اور مشرف کے آنے کی خوشی تھی۔ سیاسی دفتر کے اس رہنما کے مطابق اُس زمانے میں امریکی صدر بل کلنٹن پاکستان کے دورے پر آئے تو طالبان کو ایسی خبریں ملی تھیں کہ پرویز مشرف اُن کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ نہیں گئے جس وجہ سے طالبان مشرف پر فخر کرتے تھے لیکن بعد میں مشرف نے ہمارے اور عالم اسلام کے ساتھ جو کیا وہ سب نے دیکھا۔
عبدالحئی مطمئن اپنی کتاب میں مزید لکھتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف تو اُن کے خلاف بیانات دیتے تھے اس کے علاوہ ایک مرتبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی طالبان کے خلاف سخت بیان دیا، حالانکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا یہ کام نہیں تھا۔وہ لکھتے ہیں کہ ایسا لگ رہا تھا کہ مغرب کے ساتھ شہباز شریف کی دوستی نوازشریف سے بھی زیادہ تھی۔ شہباز شریف نے یہ دھمکی دی کہ ہم افغانستان کے ساتھ سرحد بند کر دیں گے۔ ایسے وقت میں جب ہم مغربی پابندیوں کے شکار تھے تو ایسے بیانات ہمارے لیے کافی باعث تشویش تھے۔ جب 12 اکتوبر 1999 کو جنرل پرویز مشرف نے وزیراعظم نواز شریف کی حکومت گرائی تو وہ اس لیے خوش تھے کہ اب نواز شریف حکومت کے سخت بیانات سے جان چھوٹ جائے گی اور اُن کی مشکلات کم ہو جائیں گی۔ عبدالحئی مطمئن کے مطابق اُنھیں ملا محمد عمر نے مشرف مارشل لا کے بارے میں ایک بیان جاری کرنے کو کہا تھا۔ میں نے جب اعلامیہ لکھا تو اُس میں ایک حد تک مارشل لا کو خوش آمدید کہا تھا اور نوازشریف حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔ عبدالحئی کے مطابق جب اُنھوں نے یہ اعلامیہ جاری کرنے سے پہلے ملا محمد عمر کے ساتھ شیئر کیا تو اُنھیں بتایا گیا کہ اس اعلامیے کی زبان ٹھیک نہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم نہ پچھلی حکومت پر تنقید کریں اور نہ ہی نئی حکومت کو خوش آمدید کہیں بلکہ نیک تمنائیں، دوطرفہ تعلقات اور اسلامی اخوت اس اعلامیے کے اہم الفاظ ہوں۔ چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا۔

Back to top button