ایران کی متحدہ عرب امارات پر میزائل یا ڈرون حملے کی تردید

ایران کی مسلح افواج نے متحدہ عرب امارات پر کسی بھی قسم کے میزائل یا ڈرون حملے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے میزائل اور ڈرون حملے کیے جنہیں اس کے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا، جبکہ فجیرہ بندرگاہ پر ایک آئل تنصیب میں ڈرون گرنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔
تاہم ایران کے کمانڈ سینٹر “خاتم الانبیاء” کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے واضح کیا کہ حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف کوئی فوجی کارروائی یا فضائی حملہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایران کو درپیش الزامات بے بنیاد ہیں اور اس کے خلاف ایک منظم میڈیا مہم چلائی جا رہی ہے جس میں حقائق کو مسخ کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ایران کو شکایت ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے غیر منصفانہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بعض ممالک کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی فوجی موجودگی کی سہولت کاری تشویش کا باعث ہے، اور ایران اپنے تحفظ کے لیے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے ایرانی ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کے لیے اماراتی سرزمین استعمال کی گئی تو اس کا “سخت اور فیصلہ کن جواب” دیا جائے گا۔
