الیکشن کمیشن نےعمران کو5سال کیلئے نااہل کیا ہے

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نےعمران خان کو پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا،عمران نے الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا، انہوں نے بیرون ملک سے تحائف لئے اور خود بیچ دیئے، ان کو قانون کا سامنا کرنا چاہئے، پہلے عمران خان کی فارن فنڈنگ پکڑی گئی، اب ان کی چوری پکڑی گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد منشیات عطاء تارڑ اور رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلہ میں الیکشن کمیشن نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پی ٹی آئی والے ناانصافی کا شور مچا رہے ہیں حالانکہ ناانصافی اس صورت میں ہوتی ہے جب قانون کسی چیز کا احاطہ نہ کرتا ہو، عوام کے منتخب نمائندے کے طور پر انتخاب کے دوران گوشوارے جمع کرانے ہوتے ہیں، اس انتخاب کے بعد ہر سال گوشوارے جمع کرانے ہوتے ہیں۔
انکا کہناتھا ٹیکس گوشوارے خفیہ دستاویزات ہوتے ہیں جو ایف بی آر اور ٹیکس دہندہ کے درمیان معاملہ ہوتا ہے۔ منتخب نمائندے کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنے گوشوارے ہر سال 31 دسمبر تک جمع کرا دے۔ عمران خان نے 2019ء، 2020ء اور 2021ء میں اپنے گوشواروں میں بیرون ملک ملنے والے تحائف ظاہر نہیں کئے، انہیں خوف تھا کہ اگر وہ یہ گوشوارے ظاہر کر دیتے تو ان کی بددیانتی سامنے آ جاتی اور عوام ان سے اس حقیقت کے بارے میں سوال پوچھتے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےعمران خان کو پانچ سال کیلئے نااہل قراردیا ہے اوران کےخلاف فوجداری کارروائی کرنے کا بھی کہا ہے کیونکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا، عمران خان نے بیرون ملک سے تحائف لئے اور خود بیچ دیئے۔ عمران خان کے خلاف دستاویزی ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جتھے لے کر شہروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، کہتے ہیں کہ سب کچھ جام کر دیں گے، الیکشن کمیشن کے سامنے قانون کو ہاتھ میں لیا گیا اور گولی چلانے سے بھی گریز نہیں کیا گیا۔
