عمران کی نااہلی کیخلاف پی ٹی آئی کا ملک بھرمیں احتجاج

تحریک انصاف نے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قراردینے پرالیکشن کمیشن کےخلاف ملک بھرمیں احتجاج کی کال دے دی، جس کے بعد مختلف شہروں میں کارکنان باہر نکل آئے اور انہوں نے سڑکیں بند کرکے ٹائروں کو آگ لگا دی۔

ملک کے مختلف شہروں میں موٹروے اور اہم سڑکیں بند ہونے سے عوام میں خوف اور غیریقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔

اسلام آباد کے داخلی راستوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ایمبولینسز اور قیدی وینز کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے، بچوں اور خواتین سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ٹی آئی ضلع پشاور کی قیادت نےاحتجاج کی ہدایت ملنے پرموٹروے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قیادت نے کارکنان کو فوری طور پر موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد کارکنوں نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔ کارکنوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال جانے والا راستہ بھی بند کر دیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ل چونگی امرسدھو پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ پی ٹی آئی ورکرز نے کلمہ چوک میں بھی احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔

ادھر پی ٹی آئی کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بلاک کرنے والوں میں ایم این اے راشد شفیق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے عمر تنویر بٹ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈیپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے فیصلےکو قوم سے زیادتی قرار دے کر کارکنوں کو فیض آباد پہنچے کی کال دے دی۔ مظاہرین نے مریض کو لینے جانے والی ایمبولینس کو بھی واپس موڑ دیا۔

بہارہ کہو میں لوگوں نے سڑک پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوئی اور عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ عوام کی جانب سے جانب داری نامنظور کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔ بھارہ کہو سے ایک ریلی شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوگئی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔

اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔

پولیس کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پٹرولنگ شروع کردی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے سری نگر ہائی وے بلاک کردی اور وہاں پر ٹائر جلائے جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔
گوجرانوالہ کے چندا قلعہ چوک میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج شروع کردیا، ضلعی صدر میاں ارقم خان کی قیادت میں احتجاج جاری ہے جس کارکنان کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی۔

فیروز پور میں مرکزی سڑک پر لوگوں نے ٹائر جلاکر اسے بند کردیا، فیروز پور روز پر چاروں طرف سے ٹریفک جام ہونے کے سبب سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکل پھنس گئیں۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکنان ریلیوں کی شکل میں تحریک انصاف ہاؤس پہنچ چکے ہیں، یہاں سے پی ٹی آئی کے کارکنان شاہراہ فیصل سے ریلی کی شکل میں گزرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر جارہے ہیں۔

ٹریفک کی روانی کی برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ چکی ہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے،شاہراہ فیصل پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان بھی موجود ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی زیدی نے اعلان کیا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر پہنچ کر دھرنا دیں گے۔

Back to top button