الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کیلئے حکومت کو مزید مہلت مل گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کوالیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کےلیے مزید 10 روز کی مہلت دیدی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی ہے.
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کےلیے مزید مہلت کی درخواست پر سماعت کی، رہنما ن لیگ اور درخواست گزار محسن شاہنوار رانجھا نے کہا بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت کو 4 آرڈیننسز واپس لینے کی سمری بھجوائی گئی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں اب چیزیں مشاورت کے ساتھ طے ہو رہی ہیں، ہماری یہی گزارش ہوتی ہے کہ ایوان کو رولز کے مطابق چلایا جائے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صدارتی آرڈیننسز کے حوالے سے بھی درخواست زیر سماعت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا یہ خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کا تقدس اور آئین کی سربلندی ضروری ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی حکومت کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کےلیے مزید 10 روز کی مہلت دیدی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان اور سندھ کے لیے دو ممبران کے تقرر کی منظوری دی تھی تاہم اس وقت کے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے دونوں ممبران سے حلف لینے سے معذرت کرلی تھی۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے طریقہ کار کو غلط قرار دیا گیا تھا جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری کےلیے جاری ہونے والے صدارتی آرڈیننس کو معطل کر دیا تھا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 دسمبر تک معاملہ پارلیمنٹ میں طے کرنے کی مہلت دی تھی لیکن حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہیں ہو سکا تھا، پھر 5 دسمبر کو ہی ہائیکورٹ نے 2 ارکان کی تقرری کےلیے 10 روز کی مہلت دی تھی لیکن اس دوران بھی ناموں پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ مہلت پوری ہونے پر 17 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک بار پھر سیکریٹری قومی اسمبلی کی استدعا پر معاملے کے حل کے لیے مزید 10 روز کی مہلت دی تھی۔ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر مزید مہلت مانگی گئی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 31 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے 2 نئے ارکان کی تعیناتی کے لیے حکومت کو مزید 15 روز کی مہلت دی تھی۔
