امریکا کو پہلے ہماری شرائط پر عمل کرنا چاہیے، ایرانی سیکیورٹی چیف نے تہران کا مؤقف پیش کردیا

ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیلئے اپنی شرائط قطر اور پاکستان کے ذریعے پہنچا دیں، امریکی ردِعمل کا انتظار ہے: محسن رضائی

ایران کے سلامتی امور کے عہدیدار محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کو پہلے ایران کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا، اس کے بعد ہی مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ قطر اور پاکستان کی حکومتیں ایران سے مسلسل مشاورت اور رابطوں میں ہیں۔ ایران نے اپنی شرائط دونوں ممالک اور امریکا کو آگاہ کردی ہیں اور اب امریکی ردِعمل کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی شرائط میں منجمد اثاثے جاری کرنا، تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنا، ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا، انقلاب مخالفین سے تعاون روکنا، ایرانی سرزمین پر کسی بھی جارحیت کا خاتمہ اور بحری ناکہ بندی اٹھانا شامل ہے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ جوہری پالیسی کے حوالے سے ایران اپنے رہنما آیت اللہ خمینی کے فتوے پر قائم ہے، تاہم مستقبل کے حالات واضح نہیں۔ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے دستبرداری پر بھی غور کر رہا ہے، جس کا فیصلہ امریکا کے طرزِ عمل سے مشروط ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دوبارہ جنگ شروع ہوئی تو ایران ان تمام امریکی فضائی اڈوں کو پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ نشانہ بنائے گا جہاں سے امریکی طیارے پرواز کرتے ہیں۔

Back to top button