سیکیورٹی فورسز کی قلات میں کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب
این 25 پر عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام، دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد

سیکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب این 25 پر دہشتگردوں کی جانب سے عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کے لیے چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔
دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔
دوسری جانب خاران میں دہشتگردوں نے مسافر گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 10 مزدور زخمی ہوگئے۔
