امریکا ایران معاہدہ : امریکا کا اسرائیل کو تفصیلات دینے سے صاف انکار

امریکا نے اسرائیل کی ایران کے ساتھ مجوزہ امن معاہدے کی تفصیلات تک رسائی کی درخواست مسترد کر دی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت تک رسائی کےلیے باضابطہ درخواست دی تھی، تاہم امریکا نے اسے مسترد کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے اس معاملے کو قومی سلامتی سے متعلق حساس مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو معاہدے کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی حکام نے امریکی فیصلے کو حیران کن قراردیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات سامنے آئی تھیں،ایرانی خبر ایجنسی کےمطابق مسودے کے تحت امریکی بحری ناکہ بندی 30 دن کے اندر ختم کی جائے گی۔ایران کے تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر پابندیاں معطل کرنا بھی مسودے میں شامل ہے،مسودے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی بھی شامل ہے۔
8 جون کو ایران پر اسرائیل نے حملہ کیوں روکا؟ اسرائیلی ائیر چیف کا انکشاف
دستاویز کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی ایران کی تعمیرِ نو کےلیے کم از کم 300 ارب ڈالر فراہم کریں گے، تاہم حتمی معاہدے میں ایران کے میزائل پروگرام اور مزاحمتی گروپوں کی حمایت کا معاملہ شامل نہیں ہوگا۔مذاکرات کے دوران ایران کے 24 ارب ڈالر منجمد اثاثے جاری کیے جائیں گےجب کہ امریکا مذاکرات سے قبل ہی ایران کے منجمد 12 ارب ڈالر جاری کرےگا،حتمی ایران امریکا معاہدہ کی توثیق سلامتی کونسل قرارداد کے ذریعے کرنا بھی مسودے میں شامل ہے۔
