امیتابھ بچن نے کرینہ کپور کے پاؤں کیوں دھوئے؟


پچھلی کئی دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری میں سپر سٹار کا مقام برقرار رکھنے والے امیتابھ بچن نے اداکارہ کرینہ کپور کے پائوں دھونے کا اعتراف کیا ہے۔ یاد رہے کہ کرینہ گروپ کپور اداکار سیف علی خان کی اہلیہ ہیں۔ اس واقعے کی تفصیل سے پردہ اٹھاتے ہوئے امیتابھ بچن نے بتایا کہ یہ تب کی بات ہے جب کرینہ کپور بہت چھوٹی تھیں اور اپنے والد رندھیر کپور کو مجھ سے مار کھاتے دیکھ کر گھبرا گئی تھیں۔ امیتابھ نے ایک بلاگ میں انکشاف کیا کہ 1983 میں کرینہ کپور فلم ’’پکار‘‘ کی شوٹنگ دیکھنے پھولوں والا خوبصورت ہیٹ پہنے گووا میں فلم کے سیٹ پر پہنچی تھیں۔ تب فلم کا ایک ایکشن سین عکسبند کیا جا رہا تھا جس میں امیتابھ نے کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور کو پیٹنا تھا۔ جب سین کی فلم بندی شروع ہوئی اور امیتابھ نے رندھیر کی پٹائی شروع کی تو کرینہ سے برداشت نہ ہو پایا اور وہ معصومیت میں دوڑتی ہوئی آئیں اور اپنے والد کو بچانے کے لیے ان سے لپٹ گئیں۔ امیتابھ نے بتایا تب کرینہ مجھے ’’برا آدمی‘‘ سمجھ رہی تھیں اور اپنے والد کی حفاظت کرنا چاہ رہی تھیں۔
اپنے بلاگ میں بگ نے مزید بتایا کہ اس وقت کرینہ کے آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ بہت پریشان نظر آ رہی تھیں۔ جب وہ دوڑ کر اپنے والد کے پاس پہنچیں تو منے سے خوبصورت پیروں میں مٹی لگ گئی۔ چنانچہ کرینہ کپور کو پرسکون کرنے کے لیے میں نے پانی منگوایا اور ان کے پیر دھوئے تاکہ انہیں یہ یقین دلا سکوں کہ میں سچ میں ان کے والد کو نہیں مار رہا تھا۔ امیتابھ نے بتایا کہ کرینہ کے پیر دھونے کے بعد میرے بارے ان کی رائے بدل گئی تھی اور وہ جان گئی تھیں کہ میں ایک ’’برا آدمی‘‘ نہیں ہوں۔ انکے بقول کرینہ کو بھی یہ واقعہ آج تک یاد ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور اداکارہ کرینہ کپور ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘، ’’دیو‘‘ اور’’ستیہ گرہ‘‘ سمیت کئی فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو چکے ہیں۔

Back to top button