آزاد کشمیر کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا : وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں آزاد کشمیر کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا، کیوں کہ ہمارا ازلی دشمن بھارت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے۔عوامی مسائل کے حل، امن و امان اور ریاستی رٹ کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ حکومت ریاست میں افراتفری نہیں چاہتی لیکن ایکشن کمیٹی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں اب ان سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے،حالات خراب ہوئے تو ایمرجنسی لگ سکتی ہے۔
وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی بلیک میلنگ کی سیاست کررہی ہے اور ہر بار مطالبات تسلیم ہونے کےبعد نئے مطالبات سامنے لےآتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی اور حکومت ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کی ہر کوشش کا قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مقابلہ کرے گی۔آزاد کشمیر کے حقوق اور مراعات کا دیگر علاقوں سے منصفانہ موازنہ کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم نےکہاکہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حکومتی قیادت کےخلاف نامناسب زبان استعمال کی جارہی ہے، جو سیاسی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔ریاستی اداروں اور عوامی مفادات کے تحفظ کےلیے ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔
کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 کارکن گرفتار : ترجمان پولیس آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اس عزم کا اظہار کیاکہ عوامی مسائل کے حل، ریاستی استحکام، امن و امان اور ریاستی رٹ کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
