کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 کارکن گرفتار : ترجمان پولیس آزاد کشمیر

 

 

 

 

آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آزاد کشمیر پولیس نے عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اب تک 72 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

آزاد کشمیر پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے اسلحہ، مواصلاتی آلات اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے، جب کہ ان پر عوامی زندگی مفلوج کرنے،سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور ریاستی امن کو متاثر کرنےکے الزامات ہیں۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ آزاد جموں و کشمیر پولیس گزشتہ کئی ہفتوں سے عوام کے جان و مال کےتحفظ اور امن و امان کی بحالی کےلیے قانون کے مطابق فرائض انجام دےرہی ہے۔ابتدائی کارروائیوں کے دوران بعض عناصر نے عوامی مسائل کے نام پر احتجاجی سرگرمیوں کو استعمال کرتےہوئے شہری زندگی کو متاثر کرنے،سڑکیں بند کرنے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانےکی کوشش کی۔

پولیس ترجمان کےمطابق پولیس اور خفیہ اداروں سے حاصل ہونےوالی معلومات کی بنیاد پر متعدد مشتبہ عناصر کےخلاف کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، مواصلاتی آلات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

پولیس کا دعویٰ ہےکہ ان افراد کے بعض مشکوک روابط کےحوالے سے بھی قانونی تقاضوں کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان کےمطابق پرامن احتجاج ہرشہری کا آئینی اور قانونی حق ہے،تاہم کسی بھی صورت قانون شکنی،تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے یا شہریوں کی معمول کی زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انتخابات سر پر، احتجاج دروازے پر: آزاد کشمیرمیں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا

ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے ادارے ایسے عناصر کےخلاف کارروائی جاری رکھیں گےجو امن عامہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ افواہوں اور اشتعال انگیز مواد سے گریز کریں،قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس سٹیشن یا سکیورٹی اداروں کو دیں۔

ترجمان نے کہاکہ آزادکشمیر پولیس امن،قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کےلیے مکمل طور پر متحرک ہےاور ریاست میں کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

Back to top button