انتخابی مہم کے آخری دن پابندی لگادی، فیصلہ پسند نہ ہونے کے باوجود تسلیم کررہا ہوں

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ آج گلگت بلستان کی انتخابی مہم میں ہمارا آخری جلسہ تھا لیکن عدالت نے روک دیا، فیصلہ پسند نہ ہونے کے باوجود تسلیم کررہا ہوں۔
گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا شروع سے مطالبہ رہا ہےکہ ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں، ہم آئین کااحترام کرتے ہیں، ہماری جماعت نےملک کو آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہمیں صوبہ بدر کرنے کی کوشش کی گئی، آج ہماری مہم کاآخری جلسہ تھا، عدالتی فیصلہ پسندنہ ہونے کے باوجود تسلیم کررہا ہوں اور خود کو انتخابی مہم سے روک رہا ہوں، ہم قانون کی بالادستی کو مانتے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ سیاسی اور جمہوری آزادی ہونی چاہیے، آج انتخابی مہم کےاہم اورآخری دن پابندی عائدکر دی گئی، اب بھی وقت ہےالیکشن متنازع نہ بنائیں، پوری دنیاکی نگاہیں اس الیکشن پر ہیں، ہم نہیں چاہتےگلگت بلتستان میں انتخابات متنازع ہوں، اب بھی اگر ہوش کے ناخن نہ لیےگئے تو صورت حال خوف ناک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتےہیں کہ گلگت بلتستان میں امن ہو، جمہوریت کےخلاف ساری سازشوں کوبےنقاب کریں گے، عدالتی فیصلے کی وجہ سےآج میں نے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا، دھاندلی ہوئی توشدیدردعمل ہوگا،کسی کوووٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ بلاول نے دعویٰ کیا کہ دھاندلی نہ ہوئی توہم بھاری اکثریت سےکامیاب ہوں گے۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے۔
