گروپ کیپٹن کی قربانی قومی خدمت کی روشن مثال ہے:صدر، وزیراعظم

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی قربانی خدمت کی روشن مثال ہیں۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک بے گناہ خاتون کی جان بچانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا اعلیٰ انسانی اقدار اور قومی خدمت کی مثال ہے۔انہوں نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ صدر نے کہا کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر اس نوعیت کا واقعہ تشویش کا باعث ہے اور ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک خاتون کی جان اور عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرکے بے مثال جرأت، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پوری قوم شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
فیفا ورلڈ کپ: انگلینڈ کی سنسنی خیز فتح، میزبان میکسیکو ایونٹ سے باہر
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
